بھٹکل، 28 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں24X7 الیکٹری سٹی سپلائی کے لئے ساگر روڈ پر گرڈ کا کام عنقریب پایہ تکمیل تک پہنچ رہا ہے، اُمید کی جاسکتی ہے اگلے تین ماہ کے اندر کام مکمل ہوجائے گا جس کے بعد بھٹکل والوں کو بجلی سپلائی کا کبھی کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔ اس بات کا تیقن کرناٹک کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل۔ہوناور کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے دیا
دبئی میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل اور ساحل آن لائن کے چیئرمین عتیق الرحمن منیری کی رہائش گاہ پر بھٹکل اور اطراف کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا کہ ساگر روڈ پر تقریباً 28 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے گرڈ کی تعمیر جاری ہے۔ ان کے مطابق، اس منصوبے کے ذریعے بھٹکل کو براہِ راست 210 کے وی بجلی کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا، جس سے علاقے میں بجلی کی طلب پوری کرنے اور بار بار بجلی منقطع ہونے کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال بھٹکل کو 110 کے وی بجلی کی فراہمی کے نظام پر انحصار کرنا پڑتا ہے، جو بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے ناکافی ثابت ہورہا ہے۔ بالخصوص تہواروں اور زیادہ ضرورت کے اوقات میں بجلی کی فراہمی میں رکاوٹوں کی شکایات سامنے آتی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نئے گرڈ سے آئندہ تقریباً 25 برسوں تک بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی، خواہ اس دوران آبادی اور مکانات کی تعداد میں اضافہ ہوجائے۔

منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجوہات بیان کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ کائیکینی کے قریب اور بعض دیگر مقامات پر بجلی کے ٹاور نصب کرنے کے لیے زمین سے متعلق معاملات عدالت تک پہنچ گئے تھے، جس کی وجہ سے کام متاثر ہوا۔ ان کے مطابق، اب ان قانونی رکاوٹوں کو دور کرلیا گیا ہے اور باقی کام آئندہ تین ماہ میں مکمل ہونے کی امید ہے۔
منکال وئیدیا نے بتایا کہ بجلی کی فراہمی کو مزید قابلِ اعتماد بنانے کے لیے بیندور سے متبادل لائن لانے کا انتظام بھی کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ کاروار اور کائیگا کی جانب سے بجلی کی فراہمی کے موجودہ انتظامات برقرار رہیں گے، تاکہ کسی ایک لائن میں خرابی پیدا ہونے کی صورت میں دوسرے ذرائع سے بجلی حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس متبادل نظام کا مقصد بھٹکل میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

بنیادی سہولیات اور ترقیاتی کام اولین ترجیحات
رکن اسمبلی نے کہا کہ بھٹکل، ہوناور اور اطراف کے علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر، بجلی اور پینے کے پانی کے مسائل کا مستقل حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں رکن اسمبلی، وزیر اور ڈپٹی اسپیکر جیسے عہدوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے وہ عوام کے اعتماد اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی بنیادی ضروریات میں بہتر سڑکیں، بجلی اور پینے کا پانی نمایاں ہیں۔ تعلیم کے شعبے میں بھٹکل کے مقامی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقے میں انجینئرنگ کالج تک تعلیمی سہولیات موجود ہیں، جب کہ صحت کے شعبے میں بھی مقامی سطح پر مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
سرابی ندی کی صفائی اور کھارے پانی کی روک تھام کا منصوبہ
بھٹکل کی تاریخی سرابی ندی کی صفائی کے معاملے پر منکال وئیدیا نے کہا کہ ندی سے مٹی، کیچڑ اور جھاڑیوں کو ہٹانے کا کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یہ ندی بندر سے ڈونگرپلی، ڈارنٹا، خلیفہ اسٹریٹ، مشما اسٹریٹ اور قاضیا اسٹریٹ سے گزرتے ہوئے غوثیہ اسٹریٹ اور دیگر علاقوں کی جانب بڑھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ندی کی صفائی کے ساتھ وہاں ڈیم جیسا نظام قائم کرنے کی تجویز بھی تیار کی گئی ہے، تاکہ سمندر کا کھارا پانی ندی میں اوپر کی جانب داخل نہ ہوسکے۔ ان کے مطابق، اگر کھارے پانی کی پیش قدمی روک دی جائے تو پہاڑی علاقوں سے آنے والے میٹھے پانی کو محفوظ کرکے مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔


ادھورے منصوبوں کی تکمیل کے لیے ڈیڑھ سال کی مدت
منکال وئیدیا نے کہا کہ بھٹکل اور اطراف کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران نے اپنے علاقوں کی ضروریات اور مسائل ان کے سامنے رکھے ہیں۔ ان کے مطابق، ان مطالبات میں سڑکوں کی تعمیر، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں، جن پر انہوں نے اپنی بساط کے مطابق کام کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعض ترقیاتی کاموں میں تاخیر کے باوجود وہ باقی ماندہ منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کے مطابق، اپنی موجودہ مدت کی تکمیل سے قبل ان کے پاس تقریباً ڈیڑھ سال کا وقت باقی ہے اور وہ اس دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔
مختلف جماعتوں کے ذمہ داران کی شرکت
منکال وئیدیا کے خطاب سے قبل پروگرام کے میزبان عتیق الرحمن منیری نے مہمانوں کا استقبال کیا، جب کہ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے صدر عمر فاروق مصباح نے صدارتی خطاب کیا۔
اجلاس میں بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے علاوہ منکی، مرڈیشور، شیرور، ہیرانگڈی اور دیگر علاقوں کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران شریک ہوئے۔ اس موقع پر بعض جماعتوں کی جانب سے منکال وئیدیا کی شال پوشی کی گئی، جب کہ بعض ذمہ داران نے میمورنڈم پیش کرتے ہوئے اپنے علاقوں کے مسائل سے انہیں واقف کرایا اور ان کے حل کا مطالبہ کیا۔
منکال وئیدیا کے دبئی میں کئے گئے خطاب کی مکمل وڈیو دیکھنے کے لئے یہاں کلک کریں