ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پی یو سی جوابی پرچوں کی جانچ کا آغاز،10مئی تک نتائج کے اعلان کی توقع

پی یو سی جوابی پرچوں کی جانچ کا آغاز،10مئی تک نتائج کے اعلان کی توقع

Thu, 06 Apr 2017 11:35:05    S.O. News Service

بنگلورو۔5؍اپریل(ایس او  نیوز) امسال پی یو سی سال دوم کے امتحانات کے جوابی پرچوں کی جانچ کا سلسلہ آج سے ریاست کے 48 مراکز میں شروع ہوگیا۔ جوابی پرچوں کی جانچ کیلئے پی یو ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے زبردست انتظامات کئے گئے ہیں۔ بنگلور، میسور ، شیموگہ ، بلگاوی، دھارواڑ، منگلور، داونگیرے اور دیگر مقامات پر جوابی پرچوں کی جانچ کیلئے مراکز قائم کئے گئے ہیں ،جہاں پر 21ہزار لکچررس جوابی پرچوں کے کام میں آج سے لگ گئے۔ پندرہ دنوں تک جوابی پرچوں کی جانچ کا کام جاری رہے گا اور توقع ہے کہ 10 مئی کو پی یو سی کے نتائج کا اعلان کردیا جائیگا۔ حالانکہ تنخواہوں میں عدم توازن کی شکایت کرتے ہوئے پی یو سی لکچرارس نے جوابی پرچوں کے جانچ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی، لیکن ریاستی حکومت کی طرف سے مسئلے کو سلجھانے کی یقینی دہانی کے بعد ان لکچرارس نے بائیکاٹ کا ارادہ ترک کردیا۔ ساڑھے چھ لاکھ سے زائد طلبا نے اس بار پی یو سی امتحان لکھا۔ پی یو سی اور سی ای ٹی امتحانات کے نتائج کے بعد ریاست میں پروفیشنل کورسوں میں داخلے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ بتایاجاتاہے کہ جوابی پرچوں کی جانچ جو آج کافی تیزی سے شروع ہوئی ، اگلے آٹھ دن تک اگر یہی رفتار جاری رہی تو توقع ہے کہ 75 فیصد پرچوں کی جانچ آٹھ دن میں مکمل ہوجائے گی اور بارہ دن میں پرچوں کی جانچ کا کام مکمل ہوجائے گا۔ تین دن میں طلبا کی طرف سے حاصل کئے گئے مارکس کی تفصیلات یکجا کرکے اسے نتیجہ کی شکل دی جائے گی۔ پہلی بار جوابی پرچوں کی جانچ کے بعد پی یو سی بورڈ نے طلبا کو جوابی پرچے آن لائن مہیا کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی یو سی میں امتحان لکھ چکے طلبا 2اور3 مئی کو سی ای ٹی امتحان نتیجہ سے قبل ہی لکھ سکتے ہیں، البتہ گریجویشن میں ان کے داخلے کا انحصار پی یو سی اور سی ای ٹی کے منجملہ نتائج پر منحصر ہوگا۔ میڈیکل کورسوں میں داخلے کے خواہشمند طلبا 7؍ مئی کو این ای ای ٹی امتحان لکھیں گے۔ جوابی پرچوں کی جانچ کیلئے ریاست کے تمام مراکز میں سی سی ٹی وی کیمروں کا انتظام کیا گیا ہے۔


Share: