بھٹکل یکم جولائی (ایس او نیوز) سپریم کورٹ کے حکم پر ریاست بھر میں نیشنل اور ریاستی ہائی ویز کے قریب واقع شراب خانوں کو یکم جولائی سے جوبند کردیا گیا ہے، اس کے نتیجے میں ریاستی حکومت کو 4ہزار کروڑ روپوں کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ہائی ویز سے 500میٹر کے احاطے میں موجود شراب خانوں(بار) کو بند کروانے کا حکم دیا تھا۔ اس پر عمل پیرائی کرتے ہوئے 2ہزار شراب خانوں کے لائسنس منسوخ کردئے گئے ہیں۔اس طرح محکمہ ایکسائز کو ہونے والی آمدنی میں 4ہزار کروڑ روپوں کا خسارہ ہونے جارہا ہے۔گزشتہ سال ریاستی سرکار نے 10,165شراب خانوں کو لائسنس جاری کیے تھے اس میں سے1981شراب خانے ہائی وئز سے لگے ہوئے پائے گئے ہیں۔ اس لئے ان بار مالکوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ ان کے لائسنس کا رینیول نہیں کیا جائے گا، اگر رینیول کرنا ہے تو پھر ہائی وے سے 500میٹر سے دور اپنا شراب خانہ منتقل کرنا ہوگا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ شراب فروشی سے ہونے والی آمدنی میں ہونے والے اس خسارے کی بھرپائی ریاستی حکومت کس طرح کرے گی۔