بنگلورو،17؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) کل شہر کے ایجی پورہ میں سلینڈر دھماکہ کے سبب دو منزلہ عمارت بیٹھ جانے اور اس میں پھنس کر سات لوگوں کی موت کا واقعہ ابھی تازہ ہی ہے کہ شہر میں ایک اور دومنزلہ عمارت بیٹھ گئی۔ یہ واقعہ شہر کے یشونت پور پولیس تھانہ کی حدود میں آنے والے بی کے نگر میں موجود رامپا فلور مل میں پیش آیا۔ یشونت پور کے کارپوریٹر وینکٹیش کے پڑوس میں واقع یہ عمارت کل رات بیٹھ گئی۔ اس حادثہ کی وجہ سے حالانکہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن گھر میں موجود اشیاء پوری طرح تہس نہس ہوگئیں۔ نچلی منزل پر رامپا فلور مل موجود تھی اور اوپر مکانات تھے۔کل رات جب اس عمارت کے مالک رامپا کھانا کھارہے تھے تو انہوں نے محسوس کیا کہ عمارت ہل رہی ہے ، اس مرحلے میں انہوں نے تمام مکینوں کو عمارت کے باہر بلالیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آدھے گھنٹے کے اندر یہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔اس سلسلے میں یشونت پور پولیس نے جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے بعد ایک معاملہ درج کرلیا ہے اور عمارت گرنے کی وجہ کی جانچ کررہی ہے۔