ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل، انگلینڈ کو فتح کے لیے آخری دن 350 رنز درکار

پہلا ٹیسٹ سنسنی خیز مرحلے میں داخل، انگلینڈ کو فتح کے لیے آخری دن 350 رنز درکار

Tue, 24 Jun 2025 10:55:46    S O News
kl rahul

ہیڈنگلے، 24 جون (ایس او نیوز/ایجنسی) ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں چوتھے دن کے اختتام پر میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں 364 رنز بنائے اور انگلینڈ کو فتح کے لیے 371 رنز کا ہدف دیا ہے۔ جواب میں انگلش ٹیم نے دن کے اختتام تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے 21 رنز بنا لیے ہیں۔ یعنی انگلینڈ کو اب آخری دن 350 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی تمام 10 وکٹیں باقی ہیں۔

ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 471 رنز بنائے تھے۔ جواب میں میزبان انگلینڈ نے بھی زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 465 رنز بنائے۔ اس طرح ٹیم انڈیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر محض 6 رنز کی معمولی برتری حاصل ہوئی۔

دوسری اننگز میں ہندوستانی ٹیم کی شروعات قدرے مایوس کن رہی، جب شبمن گل صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ تاہم اس کے بعد کے ایل راہل اور رشبھ پنت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو مستحکم مقام تک پہنچایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کیں۔ پنت نے 118 اور کے ایل راہل نے 137 رنز بنائے۔ لیکن راہل کے آؤٹ ہونے کے بعد ہندوستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور آخری 5 وکٹیں صرف 31 رنز کے اندر گر گئیں۔

اب ٹیسٹ میچ کا آخری دن فیصلہ کن ثابت ہوگا۔ انگلینڈ کو جیت کے لیے 350 رنز درکار ہیں اور اس کے پاس ابھی تمام 10 وکٹیں باقی ہیں۔ اگر موسم اور وکٹ نے ساتھ دیا تو ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔


Share: