بھٹکل، 13 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن (BMYF) کے زیرِ اہتمام ابو فیصل بیڈمنٹن اکیڈمی، بھٹکل میں منعقدہ BMYF بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سیزن 2 دو روزہ مقابلوں کے بعد کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ میں مختلف عمر کے کھلاڑیوں نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ مقابلوں کے دوران صحت مند مسابقت، نظم و ضبط اور کھیلوں کے جذبے کو نمایاں اہمیت حاصل رہی۔
ٹورنامنٹ میں چار مختلف زمروں میں مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں BMYF بھٹکل پلیئرز کیٹیگری، 40 پلس کیٹیگری، انڈر 15 اوپن کیٹیگری اور اوپن کیٹیگری شامل تھیں۔
BMYF بھٹکل پلیئرز کیٹیگری میں نوحیل اور علی ارشاد صدیقہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اول مقام حاصل کیا، جبکہ عمران اور سدید نے رنر اَپ کا اعزاز حاصل کیا۔
40 پلس کیٹیگری میں ڈانڈیلی-ہلیال کے ناگیندر نائک اور اویناش نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کی، جبکہ ہوناور کے آر کے میستا اور شیام رنر اَپ رہے۔
انڈر 15 اوپن کیٹیگری میں بھٹکل کے علی صدیقہ اور منگلورو کے حمدان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انکولہ کے جنید اور سرسی کے دشَنک نے رنر اَپ کا مقام حاصل کیا۔
اسی طرح اوپن کیٹیگری میں بھٹکل کے نکھل شانبھاگ اور انکولہ کے آدرش پربھو نے فاتح کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ بھٹکل کے اسام شابندری اور انکولہ کے اموگھ نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی بلال قمری، انٹرنل آڈیٹر مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل نے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال اور موبائل فون کی حد سے زیادہ عادت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور انہیں مثبت و صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے مزید مقابلے منعقد کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے خصوصاً انڈور گیمز سمیت مختلف کھیلوں کے مواقع میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کھیلوں کو نوجوانوں کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی تربیت، نظم و ضبط، باہمی تعاون اور مثبت سوچ کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
تقریب میں BMYF کے جنرل سیکریٹری مبشر ہلارے، کنوینر استیاق رکن الدین، انجمن کالج بھٹکل کے فزیکل ڈائریکٹر پروفیسر موہن میستا کے علاوہ کئی دیگر ذمہ داران و کھیلوں سے وابستہ افراد موجود تھے۔
دو روزہ ٹورنامنٹ نے نوجوانوں میں کھیلوں کے جذبے، صحت مند مسابقت، ٹیم ورک اور نظم و ضبط کو فروغ دینے کے ساتھ انہیں مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اختتام پر منتظمین نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں، معاونین، رضاکاروں اور سرپرستوں کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے BMYF بیڈمنٹن ٹورنامنٹ سیزن 2 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔