بنگلور 2 دسمبر (ایس او نیوز/ یم اے تمیم پاشاہ) طالبات محبت کے جھانسے میں نہ ائیں اپنی تعلیم پر توجہ دیں تاکہ اپ کا مستقبل تابناک بن سکے یہ بات بنگلور سٹی پولیس ساؤتھ ایسٹ ڈویژن کی ڈی سی پی سارہ فاطمہ نے کہی۔
وہ بنگلور سٹی پولیس ساؤتھ ایسٹ ڈویژن کے ذریعہ بی ای ٹی میں فرینڈز آف پولس – "ایک محفوظ بنگلورو کی تعمیر، ایک ساتھ" کے نعرے کے تحت منعقدہ بیداری پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کے تعلیمی مستقبل کے لیے محنت و مشقت کے ساتھ ساتھ اپنا وقت اور زندگی قربان کر دیتے ہیں، اسی طرح طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین کی قربانیوں کو رائگاں ہونے نہ دیں جو خواب انہوں نے دیکھا ہے اس کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے فکر مند رہیں انمول وقت کی قدر کریں انجان لڑکوں کے محبت کے جال میں نہ پھنسیں اس سے نہ صرف وقت برباد ہوگا ساتھ ہی زندگی میں کئی مشکلات پیش آئینگے اپنے مستقبل کو سوارنے کے لئے توجہ دینی چاہیے، تب ہی معاشرے میں اعلیٰ مقام پر فائز ہو سکتے ہیں۔

اس دوران طلباء کو مشکل کی گھڑی میں اپنی حفاظت کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں تربیت دی گئی۔
اس دوران طلباء سے عہد لیا گیا کہ وہ محکمہ پولیس کو عوام دوست بنائیں گے اور معاشرے میں برائیوں کو روکنے اور منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے محکمہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے۔
پروگرام میں بی ای ٹی تعلیمی ادارے کے اعزازی سکریٹری صدیق پاشاہ، ورکنگ پریذیڈنٹ عبدالمحیب، نائب صدر شیخ عمر، شیخ محبوب، جوائنٹ سکریٹری مجیب احمد، ایڈیشنل سکریٹری ریاض احمد، پولیس کا عملہ، کالج کا عملہ اور طلبہ موجود تھے۔