بنگلورو / 4 جون (ایس او نیوز / ایجنسی) آئی پی ایل 2025 کے فائنل میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) ٹیم کا آج بنگلورو پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار خود کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تھے، جہاں انہوں نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو جیت پر مبارکباد دی۔ خاص طور پر ٹیم کے روح رواں اور اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو گلے لگا کر انھیں داد دی اور آر سی بی کا پرچم فخر سے لہرایا۔
آر سی بی نے 3 جون کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پنجاب کنگس کو 6 رنوں سے شکست دے کر پہلی بار آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بنگلورو شہر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور آر سی بی کے پرستاروں نے جشن منانا شروع کر دیا۔
شہر کے چناسوامی اسٹیڈیم کے باہر ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہو چکے ہیں جو اپنی فاتح ٹیم اور بالخصوص وراٹ کوہلی کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب ہیں۔ آر سی بی کے مداح ’آر سی بی! آر سی بی!‘ کے نعرے لگا رہے ہیں اور اسٹیڈیم کے باہر ایک میلے جیسا سماں نظر آ رہا ہے۔
قبل ازیں، ٹیم کی جیت کا جشن منانے کے لیے ’آر سی بی وکٹری پریڈ‘ کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت کھلاڑیوں کو اوپن بس میں ودھان سودھا سے چناسوامی اسٹیڈیم تک روڈ شو کرنا تھا۔ تاہم، پولیس کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری کے سبب یہ پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے۔ اب ٹیم سیدھے اسٹیڈیم پہنچے گی جہاں جیت کی رسمی تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب بنگلورو کی ٹیم نے آئی پی ایل ٹرافی جیتی ہے، جس کے بعد شہر میں خوشی کی لہر ہے۔ وراٹ کوہلی، جو گزشتہ 17 سال سے اس ٹیم کا حصہ رہے ہیں، ان کی قیادت اور وفاداری کو آج سراہا جا رہا ہے۔ آر سی بی کی یہ جیت نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے بلکہ پورے کرناٹک کے لیے ایک فخر کا لمحہ بن گئی ہے۔