بنگلورو، 18؍ ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی):بیسکام (BESCOM) کے اسسٹنٹ انجینئر شیوراجو وائی۔ایم، جو حال ہی میں ایک سڑک حادثہ میں المناک طور پر جاں بحق ہوگئے تھے، کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔ یہ چیک وزیر توانائی کے جے جارج نے ایک سادہ تقریب کے دوران مرحوم کی والدہ لکشمی دیوما کے حوالے کیا۔
شیوراجو بیسکام کے محکمہ او اینڈ ایم سیکشن میں خدمات انجام دے رہے تھے اور کولار کے ویمگل میں ملازمت کر رہے تھے۔ چند روز قبل ایک سڑک حادثہ میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اس موقع پر انہیں ’’یونین بینک آف انڈیا‘‘ کی جانب سے ’’سپر سیلری اکاؤنٹ انشورنس بینیفٹ‘‘ اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی۔
اس تقریب میں اڈیشنل چیف سکریٹری گورو گپتا، بیسکام کے منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر این شیوا شنکر، یونین بینک آف انڈیا کے سینئر افسران سمیت کئی دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔