دبئی 11/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں نیشل ہائی وے فورلین کے نامکمل ، غیر معیاری اور بغیر سروس روڈ کے تعمیراتی کام کی سخت مخالفت کرتے ہوئے دبئی میں بھی آواز اُٹھائی گئی اور کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر کی دبئی آمد کے موقع پر اُن سے مطالبہ کیا گیا کہ بھٹکل میں عوام کو درپیش ان سنگین مسائل کی طرف توجہ دی جائے اور بڑھتے حادثات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے صدر شہریار خطیب کی صدارت میں پیر کو منعقدہ اجلاس میں مجلس اصلاح و تنظیم کے نائب صدر اور دبئی میں مقیم بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سکریٹری جنرل عتیق الرحمن منیری سمیت جماعت کے جنرل سکریٹری جیلانی محتشم نے یو ٹی قادر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل میں نیشنل ہائی وے کا کام پچھلے 12 سالوں سے جاری ہے مگر مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ کئی مقامات پر کام ادھورا چھوڑے جانے سے سڑک حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور کئی لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مینگلور تا گوا جاری نیشنل ہائی وے فورلین کا کام بھٹکل شہر کے بیچوں بیچ بغیر سروس روڈ مکمل کیا جاتا ہے تو حادثات میں مزید اضافہ ناگزیر ہے، کیونکہ شہری روزمرہ کے کاموں کے لیے سروس روڈ نہ ہونے کی وجہ سے اپنی سواریوں کو نیشنل ہائی وے پر ہی چلانے پر مجبور ہیں۔

دبئی میں مقیم بھٹکل، مرڈیشور، منکی، ولکی اور اطراف کے علاقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے جماعت کے ذمہ داران نے بھٹکل میں سوپر اسپیشالٹی اسپتال یا کم از کم سرکاری اسپتال میں ٹراما سینٹر، بلڈ بینک اور ڈائلیسس یونٹ کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ ذمہ داران نے انڈر گراونڈ ڈرینیج (UGD) کے غیر معیاری کاموں سے عوام کو ہورہی پریشانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گنجان آبادی والے غوثیہ اسٹریٹ میں بنائے گئے پمپنگ اسٹیشن کی وجہ سے شہر کے بیچوں بیچ سے گزرنے والی تاریخی سرابی ندی گھٹر کے گندے نالے میں تبدیل ہو چکی ہے۔ ذمہ داران نے بھٹکل کے اندرونی راستوں سمیت دیگر مسائل کی طرف بھی توجہ دلاتے ہوئے جناب یوٹی قادر سے درخواست کی کہ وہ عوامی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
پیش کیے گئے مسائل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے یو ٹی قادر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تمام نکات کو سنجیدگی سے دیکھیں گے۔ انہوں نے اجلاس میں شریک ذمہ داران کو بینگلور آنے کی دعوت دی تاکہ متعلقہ افسران اور وزراء کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے مسائل کے حل کی جانب عملی اقدامات کیے جا سکیں۔
اجلاس کا آغاز عویم سعدا کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ بی ایم جے ڈی کے جنرل سکریٹری جیلانی محتشم نے استقبال کیا، جبکہ کینرا مسلم خلیج کونسل کے صدر محمد غوث خلیفہ، جنرل سکریٹری ابو محمد مختصر سمیت دبئی و امارات میں قائم مختلف جماعتوں کے ذمہ داران بالخصوص خواجہ اپکار، صابر، مظفر ، عبدالقادر باشہ رکن الدین، افاق نائطے، طحہٰ معلم، عبدالوصی خلیفہ ، یاسر قاسمجی، قمر سعدا ، ایس ایم افضل، سیف اللہ بائیدا، عبدالمنان مصباح، جاسم ایس جے، فہیم قاضیاء، عبدالبدیع منیری، غفران دامدا اور دیگر کئی معززین بھی موجود تھے۔ آخر میں بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل پر مبنی ایک تفصیلی میمورنڈم یو ٹی قادر کو پیش کیا گیا۔ پُرتکلف عشائیہ کے بعد اجلاس اختتام پذیر ہوا۔