دبئی، 24 جنوری (ایس او نیوز): متحدہ عرب امارات کے عجمان کے قریب واقع اسٹیڈیم میں جاری بھٹکل پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ اب اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے، جہاں اتوار 25 جنوری کو سیمی فائنلز کے دو زبردست مقابلے شائقینِ کرکٹ کی بھرپور توجہ کا مرکز ہوں گے۔
پہلا سیمی فائنل دوپہر 3:30 بجے اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرس اور رائزنگ اسٹارس کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل شام 7 بجے رس بہار چیلنجرس اور ٹی 2 پارٹی آفیشلس کے درمیان ہوگا۔ دونوں میچز ساحل آن لائن پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے اور دبئی سمیت دنیا بھر کے شائقین ساحل آن لائن کے یوٹیوب چینل (youtube.com/sahilonline) پر لائیو دیکھ سکیں گے۔

گزشتہ اتوار کو کھیلے گئے دلچسپ مقابلوں میں ٹی 2 پارٹی آفیشلس نے رائزنگ اسٹارس کو سات وکٹوں سے شکست دی، جبکہ رس بہار چیلنجرس نے لکثری زون ٹائٹنس کو آٹھ وکٹوں سے ہرایا۔ اسی روز کھیلے گئے ایک سنسنی خیز میچ میں اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرس نے ڈاکٹر حنیف واریئرز کو سات وکٹوں سے مات دی، جبکہ ڈی وی ایس یونائیٹڈ نے آر بی چارجرس کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
رائزنگ اسٹارس بمقابلہ ٹی 2 پارٹی میچ میں رائزنگ اسٹارس کی ٹیم 17ویں اوور میں 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے جواب میں ٹی 2 پارٹی نے صرف 14 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔
لکثری زون اور رس بہار کے درمیان کھیلے گئے میچ میں لکثری زون 19ویں اوور میں 121 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں اسماعیل خان کی شاندار 78 رنز کی اننگز کی بدولت رس بہار نے محض 12 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا کر آسان فتح حاصل کی۔
ڈاکٹر حنیف واریئرز اور اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرس کے مقابلے میں محمد عاقب کی عمدہ بلے بازی کے نتیجے میں حنیف واریئرز نے مقررہ 20 اوورز میں 161 رنز بنائے، تاہم اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرس کے محمد علی کی برق رفتار ناقابلِ شکست 63 رنز کی اننگز (26 گیندیں) نے میچ کا نقشہ بدل دیا اور ٹیم نے صرف 13 اوورز میں ہدف حاصل کرکے سات وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔
آر بی چارجرس اور ڈی وی ایس یونائیٹڈ کے درمیان میچ میں آر بی چارجرس نے سات وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے، مگر جواب میں ڈی وی ایس یونائیٹڈ نے 14 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنا کر تین وکٹوں سے فتح حاصل کرلی۔
اب اتوار کو ہونے والے دونوں سیمی فائنلز انتہائی سخت اور سنسنی خیز ہونے کی توقع کی جارہی ہے، جس کے باعث شائقینِ کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔