برازیل22 جون (ایس او نیوز) برازیل کے جنوب میں واقع پریا گرانڈی شہر میں 21 لوگوں کو لے کر اُڑنے والے ایک غبارے میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے پورا غبارہ آگ کے گولے میں تبدیل ہوکر نیچے گرنے سے آٹھ لوگوں کی موت واقع ہوگئی، جبکہ پائلٹ بشمول 13 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
واردات سنیچر کو پیش آئی۔ میڈیا رپورٹوں میں ریاستی فائر ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ، سیاحتی غبارے میں صبح سویرے پرواز کے دوران آگ لگ گئی، جس کے بعد وہ پریا گرانڈی شہر میں گر کر تباہ ہو گیا۔ گواہوں اورسوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز سے معلوم ہوا کہ غبارہ کی ٹوکری میں شعلے بھڑک اٹھے اور کچھ مسافر آگ کی زد میں آنے سے بچنے کے لئے نیچے چھلانگ لگانے پر مجبور ہو گئے، جس کے بعد بیلن ٹوٹ کر جنگلاتی علاقے میں جا گرا ۔ پتہ چلا ہے کہ چار لوگ آگ میں جل کر ہلاک ہوئے، جبکہ دیگرچار لوگ نیچے گرکر ہلاک ہوئے۔