بنگلورو، 3 /اگست (ایس او نیوز / ایجنسی)شمالی بنگلورو کے مختلف علاقوں میں پولیس نے منشیات فروشوں، جرائم پیشہ افراد اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف ایک منظم اور بڑی کارروائی انجام دی۔ 2 اگست کو کمشنر آف پولیس، بنگلورو شہر اور جوائنٹ کمشنر آف پولیس ویسٹ زون کی ہدایات پر یہ خصوصی مہم ڈی سی پی نارتھ بی ایس نیما گوڑا (آئی پی ایس) کی قیادت میں انجام دی گئی۔
اس آپریشن کے دوران شمالی بنگلورو کے 13 پولیس تھانوں کی حدود میں پولیس ٹیموں نے چھاپے مارے۔ کارروائی میں تین ڈویژنل اسسٹنٹ کمشنرز، تمام 13 تھانوں کے انسپکٹرز اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکار شریک تھے۔
پولیس نے تقریباً 180 افراد سے پوچھ گچھ کی، جن کی نقل و حرکت، روزگار اور مجرمانہ پس منظر کی مکمل جانچ کی گئی۔ اس دوران منشیات فروشی کے تین کیس درج کیے گئے جن کے تحت تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2.45 کلو گانجہ برآمد کیا گیا۔ گرفتاریاں ملیشورم، آر ٹی نگر اور مہالکشمی لے آؤٹ پولیس تھانوں کی حدود میں کی گئیں۔
نشہ آور اشیاء استعمال کرنے والے چار افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں، جب کہ پانچ بدنام زمانہ جرائم پیشہ افراد اور دو وارنٹ یافتہ ملزمین کو بھی گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
پولیس نے مزید 18 افراد کے خلاف کرناٹک پولیس ایکٹ اور 10 افراد کے خلاف کے پی قانون کے تحت کارروائی کی ہے۔ باقی مشتبہ افراد کو سختی سے متنبہ کیا گیا کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں، ورنہ ان کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
شمالی بنگلورو میں اس پولیس مہم کو نہایت کامیاب قرار دیا جا رہا ہے، جس کے بعد جرائم پیشہ عناصر میں کھلبلی مچ گئی ہے اور عام شہریوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہا ہے۔