بنگلورو ، 30/ دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی )نئے سال کی تقریبات کے موقع پر بنگلورو شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سخت اور مؤثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے پولیس اور ریاستی پولیس کے ڈی جی پی ڈاکٹر ایم اے سلیم محکموں کو پوری طرح چوکس رہنے کا حکم دیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے آج پولیس اور مختلف محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں نئے سال کے موقع پر اختیار کیے جانے والے پیشگی حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ نے واضح طور پر کہا کہ نئے سال کی تقریبات کے دوران خواتین کی سلامتی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار یا شرمناک واقعے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت دی کہ نئے سال کی تقریبات کے بعد شہریوں کو اپنے گھروں تک محفوظ اور آسان واپسی کے لیے آدھی رات کے بعد بی ایم ٹی سی بسوں کی اضافی خدمات فراہم کی جائیں۔وزیرِ اعلیٰ نے ایم جی روڈ، بریگیڈ روڈ، چرچ اسٹریٹ، کورمنگلا، اندرا نگر سمیت دیگر اہم اور مصروف علاقوں میں ہجوم کے باعث کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں تقریباً 20 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر اضلاع سے 1200 اضافی پولیس اہلکار بھی طلب کیے گئے ہیں۔ خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد میں تعیناتی اور چنّما فورس کی سرگرم شمولیت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔حفاظتی انتظامات کے تحت شہر میں 4 کنٹرول روم، 78 واچ ٹاورز، 164 خواتین ہیلپ ڈیسک، اور 55 ایمبولینسیں تعینات کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں ڈرِنک اینڈ ڈرائیو کے 3500 سے زائد معاملات درج کیے گئے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ نئے سال کی رات شہر کے 50 فلائی اوورز پر دو پہیہ گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی عائد کی جائے گی تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔انہوں نے پولیس کو سختی سے ہدایت دی کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، وہیلنگ کسی بھی صورت برداشت نہ کی جائے، اور منشیات سے متعلق سرگرمیوں کے خلاف بے رحم کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے خبردار کیا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی قابلِ قبول نہیں ہوگی۔
اجلاس میں وزیرِ داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور، وزیرِ اعلیٰ کے سیاسی مشیر نصیر احمد، چیف سکریٹری ڈاکٹر شالینی رجنییش،ریاستی پولیس کے ڈی جی پی ڈاکٹر ایم اے سلیم، بنگلورو سٹی پولیس کمشنر سیمنت کمار سنگھ، جی بی اے کے چیف کمشنر مہیشور راؤ اور پولیس و انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نئے سال کی خوشیاں ذمہ داری اور نظم و ضبط کے ساتھ منائیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔