ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / پرانے میسورو میں فرقہ وارانہ ایجنڈا پھیلانے کی کوشش، بی جے پی اور جے ڈی ایس ذمہ دار: پریانک کھرگے

پرانے میسورو میں فرقہ وارانہ ایجنڈا پھیلانے کی کوشش، بی جے پی اور جے ڈی ایس ذمہ دار: پریانک کھرگے

Wed, 10 Sep 2025 12:47:30    S O News

بنگلورو، 10؍ ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی) ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات و پنچایت راج پریانک کھرگے نے بی جے پی پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ساحلی علاقوں میں جان بوجھ کر فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلائی گئی، اب اسی ایجنڈے کو پرانے میسورو خطے میں آزمایا جا رہا ہے۔

پریانک کھرگے نے کہا کہ ’’اُری گوڑا اور ننجے گوڑا جیسے فرضی کرداروں کی تخلیق، سری رنگا پٹنا میں پیدا کی گئی فرقہ وارانہ کشیدگی، کیری گوڑو میں جھنڈے کے تنازعے اور ناگمنگلا و مدور میں پھوٹنے والے فسادات—یہ سب بی جے پی کی سوچی سمجھی حکمتِ عملی کا نتیجہ ہیں۔ جس طرح ساحلی علاقوں میں زہر گھولا گیا، اب اسی زہر کو پرانے میسورو میں پھیلانے کی کوشش ہو رہی ہے۔‘‘

انہوں نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں جے ڈی ایس اور بی جے پی کے درمیان گٹھ جوڑ کو بھی فسادات کی اصل وجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’جب سے جے ڈی ایس نے بی جے پی کے ساتھ سمجھوتہ کیا ہے، منڈیا اور اطراف کے وہ علاقے جو ہمیشہ امن و بھائی چارے کے لیے مشہور تھے، فسادات کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔‘‘

پریانک کھرگے نے یہ بھی یقین دلایا کہ کانگریس حکومت ان سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی اور ریاست میں ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔


Share: