ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / وینوگوپال کی لوک سبھا اسپیکر سے شکایت، مودی پر استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس

وینوگوپال کی لوک سبھا اسپیکر سے شکایت، مودی پر استحقاق کی خلاف ورزی کا نوٹس

Tue, 21 Apr 2026 17:33:03    S O News

نئی دہلی، 21/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو استحقاق کی خلاف ورزی (پریویلیج نوٹس) کا نوٹس دیا ہے۔ اپنے شکایتی خط میں وینوگوپال نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے 18 اپریل 2026 کو ملک کے نام اپنے خطاب میں لوک سبھا اراکین پر قابل اعتراض تبصرہ کیا اور ان کے ارادوں پر سوال اٹھائے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ پارلیمنٹ کے وقار اور اراکین پارلیمنٹ کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی کا یہ خطاب اس وقت ہوا جب لوک سبھا میں آئین میں 131ویں ترمیم سے متعلق بل پاس نہیں ہو سکا تھا۔ کانگریس کا الزام ہے کہ اس تقریر میں وزیر اعظم نے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کی ووٹنگ اور ان کی منشا کو لے کر براہ راست تبصرہ کیا۔ پی ایم مودی کے خلاف اس خط میں کانگریس رکن پارلیمنٹ وینوگوپال نے پورے معاملے کو انتہائی سنگین بتایا۔ انھوں نے کہا کہ یہ معاملہ بے حد سنگین ہے، کیونکہ یہ صرف کسی شخص پر حملہ نہیں بلکہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کے وقار سے جڑا معاملہ ہے۔ انھوں نے لوک سبھا اسپیکر سے فوراً کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

کے سی وینوگوپال نے اوم برلا کو تحریر کردہ خط میں کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ کے حقوق کی حفاظت اور پارلیمنٹ کے وقار کو بنائے رکھنا بہت ضروری ہے۔ مستقبل میں ایسا معاملہ پھر پیش نہ آئے، اس لیے ضروری قدم اٹھایا جانا چاہیے۔ دوسری طرف کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے بھی اس معاملہ میں اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا ملک کے نام خطاب پہلے سے طے روایات کے خلاف تھا اور اس میں اپوزیشن پر کئی سیاسی حملے کیے گئے۔


Share: