بینگلورو ، 27 / اپریل (ایس او نیوز) نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت نے آج منگلورو کوکر بم دھماکہ معاملے کے اہم مجرم محمد شارق کو 10 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی ۔
خیال رہے کہ عدالت نے حال ہی میں ملزم شارق کی طرف سے اقرار جرم کی درخواست کو قبول کی تھی ۔
یہ سزا منگلورو شہر میں ہوئے دھماکے کی طویل تحقیقات اور مقدمے کی سماعت کے بعد سنائی گئی ہے ۔
خصوصی عدالت کے مطابق شارق کو آئی پی سی کی دفعہ 121 اے (ملک کے خلاف جرائم انجام دینے کی سازش) اور دفعہ 326 (اپنی مرضی سے خطرناک ہتھیاروں یا ذرائع سے شدید چوٹ پہنچانا) کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی مختلف دفعات کے تحت قصوروار پایا گیا۔
یہ واقعہ 19 نومبر 2022 کو پیش آیا تھا جب مینگلورو میں کنکناڈی کے قریب ایک پریشر کوکر کے اندر چھپا ہوا دیسی ساخت کا دھماکہ خیز آلہ (IED) ایک چلتے ہوئے آٹو رکشہ میں غلطی سے پھٹ گیا تھا ۔ پریشر کوکر بم کو منتقل کرنے والا شارق اور آٹو رکشہ ڈرائیور دونوں اس دھماکے میں زخمی ہو گئے تھے ۔
کہا جاتا ہے کہ پریشر کوکر میں رکھا ہوا بم حادثاتی طور پر پھٹنے سے شہر کے لیے ایک بہت بڑی تباہی کو ٹال دیا تھا ۔
اس کے بعد قومی سلامتی کو لاحق خطرے کی وجہ سے کیس کو این آئی اے کے حوالے کر دیا گیا، جس نے 2024 میں ملزم شارق کے خلاف چارج شیٹ داخل کی۔
دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی عدالت نے مجرم کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے ۔