منگلورو، 15 ستمبر (ایس او نیوز): کرناٹک میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے دوران جہاں مختلف علاقوں میں ووٹروں کو نوٹس جاری ہونے اور ناموں کے اخراج کے معاملات سامنے آرہے ہیں، وہیں دکشن کنڑا ضلع کے اُلال میں ایک پولنگ بوتھ نے بغیر کسی نوٹس کے SIR کا عمل مکمل کرکے 100 فیصد درست میپنگ کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
یہ معاملہ منگلورو اسمبلی حلقے کے تحت اُلال سٹی میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 3 کے سینرے بیلو-1، بوتھ نمبر 7 سے متعلق ہے۔ دکشن کنڑا ضلع پنچایت ہائر پرائمری اسکول میں قائم اس بوتھ پر SIR کے دوران ایک بھی ووٹر کو سماعت کے لیے نوٹس جاری نہیں کیا گیا اور کسی بھی اہل ووٹر کا نام ووٹر لسٹ سے حذف نہیں ہوا۔
اس بوتھ میں مجموعی طور پر 782 ووٹر ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان میں 398 مرد اور 384 خواتین شامل ہیں، جو کوڈی، ڈوٹا اور آس پاس کے علاقوں میں مقیم ہیں۔ SIR کے دوران اس بوتھ میں نہ ’میپنگ‘ سے متعلق کوئی مسئلہ سامنے آیا اور نہ ہی کوئی ’لاجیکل ڈسکریپینسی‘ ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق، اصل اسکول بوتھ پر مجموعی طور پر 1,447 ووٹر تھے۔ ایک بوتھ میں ووٹروں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث اسے تقسیم کیا گیا، جس کے بعد 514 ووٹر بوتھ نمبر 6 اور 782 ووٹر بوتھ نمبر 7 میں شامل کیے گئے۔ گھر گھر کیے گئے سروے کے دوران فوت ہوچکے یا دوسری جگہ منتقل ہوچکے ووٹروں کی بھی نشاندہی کی گئی، جس سے انتخابی فہرست کو مرحلہ وار درست کرنے میں مدد ملی۔
اس کامیابی میں بوتھ لیول آفیسر امرتھا راہل کرکیرا کے کردار کو بھی نمایاں قرار دیا گیا ہے۔ وہ اُلال کوڈی مسجد کے قریب آنگن واڑی ٹیچر ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے گھر گھر جاکر ووٹروں کو SIR کے عمل، مطلوبہ معلومات، فارم پُر کرنے اور ضروری دستاویزات جمع کرنے کے بارے میں رہنمائی فراہم کی، جس کے نتیجے میں ووٹروں کے ریکارڈ میں موجود مسائل کو بروقت دور کیا جاسکا۔
بوتھ کی اس کارکردگی سے متاثر ہوکر 782 ووٹروں نے BLO امرتھا راہل کی محنت کی ستائش اور تہنیت کی۔ ذرائع کے مطابق، ایسے وقت میں جب SIR کے دوران کئی علاقوں میں ووٹر اور انتخابی حکام میپنگ اور دیگر ریکارڈ سے متعلق مسائل کا سامنا کررہے ہیں، اُلال کے اس بوتھ میں کسی بھی ووٹر کے خلاف ’نو میپنگ‘ یا ’لاجیکل ڈسکریپینسی‘ کا معاملہ سامنے نہ آنا قابلِ ذکر ہے۔