ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / میسورو پیلیس کے پاس سلینڈر دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ہوگئی تین

میسورو پیلیس کے پاس سلینڈر دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ہوگئی تین

Sat, 27 Dec 2025 17:04:08    S O News
میسورو پیلیس کے پاس سلینڈر دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ہوگئی  تین

میسورو ،27 / دسمبر (ایس او نیوز) میسورو پیلیس کے پاس غبارہ فروش کے سلینڈر میں دھماکے کی وجہ سے شدید زخمی ہونے والی  منجولا (38 سال) اور لکشمی نامی خواتین کی موت کے ساتھ اس دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے ۔ خیال رہے کہ غبارہ فروش سلیم (40 سال) کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی تھی، جبکہ دیگر زخمیوں کے ساتھ منجولا اور لکشمی نامی خواتین کو کے آر ہاسپٹل میں علاج کے لئے  داخل کیا گیا تھا ۔
    
اسپتال میں زیر علاج کے ایس آر ٹی سی ملازم کوٹریش بیرپّا گوتر اور رنجیتا نامی زخمیوں کی حالت بہتر اور خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، البتہ انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے ۔ 
    
کے آر ہاسپٹل میں فوت ہونے والی لکشمی کے بارے میں اس کے شوہر نے بتایا کہ وہ اپنی بیوی لکشمی، بیٹی اور بہن رنجیتا کے ساتھ کرسمس کی چھٹیاں منانے نکلا تھا اور وہ میسورو پیلیس کے پاس فلاور شو دیکھنے کے لئے آئے تھے ۔ جس وقت سلینڈر میں دھماکہ ہوا اس وقت وہ لوگ وہاں سے گزر رہے تھے ۔ 
    
غبارہ فروش متوفی سلیم کے بارے میں تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے وہ اپنے طور پر ہی کاسٹک سوڈا کے ذریعے ہائیڈروجن گیس تیار کرکے غباروں میں بھرتا ہوگا ۔ البتہ دھماکے کے اصل اسباب کا پتہ تفصیلی جانچ کے بعد ہی سامنے آئے گا ۔
    
اس دوران  فارنسک سائنس لیباریٹری کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر دھماکے کی تفتیش کے لئے ضروری ثبوت اور شہادتیں جمع کیں ۔ 

اس خبر سے متعلق پہلے شائع شدہ رپورٹ:

میسورپیلیس کے قریب سلنڈر دھماکہ: غبارہ فروش کی موت؛ چھ زخمی جس میں دو کی حالت نازک


Share: