بھٹکل، 23 اگست (ایس او نیوز): دبئی میں 31 اگست بروز اتوار پہلی بار بھٹکل پرو کبڈی ٹورنامنٹ منعقد ہونے جارہا ہے، جس میں گلف کے مختلف ممالک میں مقیم بھٹکلی کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ ایک روزہ ایونٹ دبئی کے گرہُود میں واقع انڈین ماڈل اسکول گراؤنڈ پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔ اس کی جانکاری ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے اہم رکن ایس ایم سید افضل نے دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں صرف بھٹکل کے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لئے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور عمان سمیت گلف کے مختلف شہروں میں مقیم کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ دبئی اور دیگر شہروں سے 125 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے 104 کو نیلامی کے لئے منتخب کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے اوکشن کے بعد 38 کھلاڑیوں کو ٹیموں میں شامل کیا گیا، جس کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کی چاروں ٹیمیں نہایت مضبوط ہوگئی ہیں۔
سید افضل کے مطابق دبئی میں پہلی بار اس سطح کا پروکبڈی ٹورنامنٹ آرگنائز کیا جارہا ہے، اسی لئے اس بار صرف بھٹکلی کھلاڑیوں کو ہی شامل کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ آئندہ ایونٹ میں بھٹکل کے پڑوسی علاقوں کے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کبڈی نہ صرف بھٹکل بلکہ پورے کرناٹک کے نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل ہے، لیکن موبائل کلچر کی وجہ سے نئی نسل اس کھیل سے دور ہورہی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نوجوانوں کو دوبارہ اس روایتی کھیل کی طرف راغب کرنا اور گلف میں مقیم بھٹکلی کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔
کمیٹی کے ایک اور رکن صفیٰ کے ایم نے کہا کہ کبڈی صرف کھیل نہیں بلکہ ٹیم ورک، اتحاد اور اعتماد کی علامت ہے، جو کھلاڑیوں میں ہمت، جرات اور برداشت پیدا کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایونٹ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اُجاگر کرنے اور انہیں کھیل کے ذریعے جوڑنے کی ایک کوشش ہے۔
اسی طرح کمیٹی کے رکن فائق اُدیاور نے کہا کہ دبئی میں بھٹکل بُلس کبڈی ٹیم پہلے ہی اپنی شناخت بنا چکی ہے۔ حال ہی میں ٹیم نے ایک اسٹیٹ لیول ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے جنہیں بھٹکل بُلس میں شامل کرکے ٹیم کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں متحدہ عرب امارات کی چار ٹیمیں اور سعودی عرب و عمان کی ایک ایک ٹیم حصہ لے رہی ہیں، ٹیموں کے نام اور ہر ٹیم کے بیسٹ چار کھلاڑیوں کے نام اس طرح ہیں:
ٹی پارٹی آفیشیلس ٹیم : مُحید، ربّان ، زُفاف، نہال ۔ کراون اسٹون رئیل اسٹیٹ ٹیم: مُستقیم، نوفل ، زکّار اور عبدالبر۔ یُونیک رائیڈرس ٹیم: عبدالباری، محتصم ، یونس اور ساحل ۔ آوز پلٹن ٹیم: ریّان، ابرار ، سِمال اور ادیب ۔ بی ایم جے سعودی دمام ٹیم: سیہان، زُہیر، یوسف اور موسیٰ۔ رویل نوائط ٹیم (عمان): شمویل، کیف، نائف اور ابراہیم
چونکہ کبڈی ہمیشہ سے بھٹکل کے نوجوانوں کا پسندیدہ کھیل رہا ہے، اس لئے توقع کی جارہی ہے کہ دبئی میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ نہایت شاندار ثابت ہوگا اور سخت مقابلوں کے باعث شائقین کبڈی کو بھرپور دلچسپی اور لطف فراہم کرے گا۔