لیڈز، 25 جون (ایس او نیوز / ایجنسی) انگلینڈ نے ہیڈنگلے، لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی اور پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی۔ 371 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب انگلش بلے بازوں نے نہایت آسانی سے کیا، جس میں بین ڈکیٹ کی طوفانی سنچری، زیک کراؤلی کی اہم اننگز اور جو روٹ کی ناقابل شکست نصف سنچری شامل رہی۔
ہندوستان نے میچ میں پہلی اننگز میں 471 رنز بنائے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 465 رنز اسکور کیے۔ اس طرح ہندوستان کو معمولی 6 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ دوسری اننگز میں ٹیم انڈیا نے 364 رنز بنائے، اور یوں انگلینڈ کو جیت کے لیے 371 رنز کا ہدف ملا، جسے میزبان ٹیم نے پانچ وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔
میچ کے دوران ہندوستانی باؤلنگ اٹیک، جس میں بمراہ، محمد سراج اور رویندرا جڈیجا جیسے تجربہ کار کھلاڑی شامل تھے، پوری کوشش کے باوجود انگلش بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہا۔ بین ڈکیٹ نے جارحانہ انداز میں 149 رنز بنائے، جبکہ زیک کراؤلی نے 65 اور جو روٹ نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔
اگرچہ ہندوستان کی دوسری اننگز میں رشبھ پنت نے 140 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 118 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، اور کے ایل راہل نے بھی 137 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم انڈیا کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور آخری 5 وکٹیں صرف 31 رنز کے اندر گر گئیں۔ انگلینڈ کے فاسٹ باؤلرز برائیڈن کارس اور جوش ٹونگو نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔