شیموگہ، 30 /اکتوبر (ایس او نیوز)شیموگہ میں بدھ کو پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثوں میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شخص شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
پہلا حادثہ شیموگہ تعلقہ کے گوندھی چٹنلّی گاؤں کے قریب صبح سویرے پیش آیا۔ اطلاع کے مطابق شیموگہ سے ہونالی کی سمت جارہی اشوک لیلینڈ مال بردار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔اس حادثے میں گاڑی میں سوار تین افراد داونگیرے کے ساکن اسداللہ (50) اور اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے دو مزدور صادق (30) اور فیروز (22) کی موت واقع ہوگئی۔
دوسرا حادثہ ضلع شموگہ کے شکاری پور تعلقہ کے سنکوپا کے قریب پیش آیا، جہاں راگی کوپا تانڈاکے دو نوجوان، پونیت (22) اور راجیو، میلہ دیکھنے کے بعد موٹر سائیکل پر واپس گھر جارہے تھے کہ ایک تیز رفتار لاری نے ان کی بائیک کو ٹکر ماردی۔
حادثے میں پونیت کی موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ راجیو شدید زخمی حالت میں شیموگہ اسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔
حادثے کے بعد لاری ڈرائیور موقع پر سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے دونوں مقامات پر معائنہ کر کے الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں اور مزید چھان بین جاری ہے۔