گدگ، 16/ دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو آر ٹی او دفتر کے بعد گدگ ضلع ڈپٹی کمشنر کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی بھرا موصول ہوا جس کے بعد کشیدگی اور خوف کا ماحول پیدا ہوا ۔
بتایا جاتا ہے کہ کل صبح کے وقت ڈپٹی کمشنر سی این سریدھر کو ای میل موصول ہوا جس میں ان کے دفتر کے پانچ مقامات پر بم نصب کیے جانے کی خبر تھی ۔ یہ ای میل بھی ارنا اشوین سیکھر نام کے اسی ای میل آئی ڈی سے بھیجا گیا تھا جس کے ذریعے منگلورو آر ٹی او دفتر کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی ۔
دھمکی والا ای میل موصول ہوتے ہی ڈی سی نے پولیس سپرنٹنڈنٹ روہن جگدیش کو خبر کر دی جس کے بعد پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ۔ دفتر کو لوگوں سے پوری طرح خالی کرنے کے بعد تقریباً دو گھنٹے تک پورے احاطے کی مکمل تلاشی لی گئی ۔ کوئی بھی مشتبہ چیز یا دھماکہ خیز مادہ وہاں سے بازیافت نہ ہونے پر پولیس نے اس معاملے کو بھی محض دھمکی قرار دیا ۔