ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک کے داونگیرے میں پولیس پر ہی لگا سونے کی لوٹ مار کا الزام؛ دو پی ایس آئی سمیت سات گرفتار

کرناٹک کے داونگیرے میں پولیس پر ہی لگا سونے کی لوٹ مار کا الزام؛ دو پی ایس آئی سمیت سات گرفتار

Wed, 26 Nov 2025 08:52:27    S O News

داونگیرے، 26 نومبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے داونگیرے میں پیش آئی ایک سنسنی خیز واردات میں دو پولیس اہلکاروں پر ہی ڈکیتی کا الزام لگا ہے، جنہیں منگل کے روز گرفتار کرلیا گیا۔ انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے سونے اور چاندی کے بیوپاریوں کے ساتھ مل کر واردات کی منصوبہ بندی کی اور سونے کی ڈکیتی کو انجام دیا۔ ذرائع کے مطابق پیر کی صبح کے ابتدائی اوقات میں کاروار کے سنار وشنوناتھ ارکاسلی کے پاس موجود 78 گرام سونا اور ایک گولڈ بار لوٹ لیا گیا تھا۔

ضلع پولیس کے مطابق دو پی ایس آئی (سب انسپکٹر) سمیت سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں پی ایس آئی مالپا چپلکٹی (جو حال ہی میں ہمسبھاوی پولیس اسٹیشن، ہاویری سے ساگر پولیس اسٹیشن، شیموگہ منتقل ہوئے تھے) اور پی ایس آئی پروین کمار (جنہیں رانی بنّور ٹریفک پولیس اسٹیشن سے آئی جی آفس، داونگیرے کے وائرلیس ونگ میں تبدیل کیا گیا تھا) شامل ہیں۔ دونوں نے اپنی نئی پوسٹنگ پر جوائن نہیں کیا تھا۔

دیگر گرفتار ملزمان میں داونگیرے کے سونا–چاندی کے تاجر ستییش ریونکر، ناگ راج ریونکر، ڈُنڈیپا، ناگیش اور دلیپّا شامل ہیں۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 78 گرام سونا، ایک گولڈ بار، دو ایئر گنیں اور تین کاریں بھی ضبط کی ہیں۔

واردات کیسے انجام دی گئی؟

وشنوناتھ ارکاسلی، جو اترکنڑا ضلع کے کاروار کے رہائشی اور پیشے سے زیورات تیار کرنے والے کاریگر ہیں، سونا خریدنے کے بعد مانڈی پیٹّے اور ہالے پیٹّے سے واپس لوٹ رہے تھے۔ 23 نومبر کی رات تقریباً 12:30 بجے وہ داونگیرے کے KSRTC بس ٹرمینل پہنچے تاکہ کاروار روانہ ہو سکیں۔

اسی دوران دونوں پی ایس آئی وہاں پہنچے، انہیں ہبلی جانے والی بس سے اتار کر KTJ نگر پولیس اسٹیشن لے گئے اور خود کو آئی جی اسکارڈ کے افسران ظاہر کیا۔

رپورٹ کے مطابق انہوں نے وشنوناتھ پر الزام لگایا کہ وہ سونا گوا اور دبئی اسمگل کرتا ہے۔ بعد ازاں اسے ایک سنسان جگہ پر لے جایا گیا، ایئر گن دکھا کر دھمکی دی گئی اور اس سے تمام سونا اور گولڈ بار چھین لیا گیا۔ ملزمان نے یہ دھمکی بھی دی کہ اگر اس نے کسی کو اطلاع دی تو اس کے خلاف جھوٹا کیس درج کر دیا جائے گا۔

بعد میں وشنوناتھ نے فوراً KTJ نگر پولیس اسٹیشن جا کر شکایت درج کرائی۔

تاجروں نے مہیا کی تھیں خفیہ معلومات

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ داونگیرے کے سونے–چاندی کے تاجروں نے ہی پولیس اہلکاروں کو وشنوناتھ کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کی تھیں، جن میں اس کے پاس موجود سونے کی مقدار، خرید و فروخت کی جگہیں، آمد و رفت کے اوقات، اور اس کی تصویر تک شامل تھی۔ انہی معلومات کی بنیاد پر واردات کی منصوبہ بندی کی گئی۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اُما پرشانت نے بتایا کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیج دی گئی ہے۔


Share: