ہبلی یکم / ستمبر (ایس او نیوز) ایک عرصے سے تنازعہ میں پھنسے ہوئے ہبلی عید گاہ میدان کا نام اب رانی چنّما میدان ہوگا ۔
معلوم ہوا ہے کہ ہبلی - دھارواڑ سٹی میونسپل کارپوریشن کے اراکین نے اپنی میٹنگ کے دوران اس ضمن میں متفقہ طور پر نام تبدیل کرنے کی تجویز کو منظوری دی ۔ شہر کے قلب میں کتور رانی چنّما سرکل پر واقع صدیوں پرانے عید گاہ میدان کا نام تبدیل کرکے رانی چنّما سے موسوم کرنے کی مانگ ایک خاص طبقے کی طرف سے کئی برسوں سے چل رہی تھی ۔
کارپوریشن کی حالیہ جنرل میٹنگ کے دوران کارپوریٹر ویناکشی ونٹاموری نے سٹی کارپوریشن کی ملکیت والے عید گاہ میدان کو رانی چنّما کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کی جسے بالاتفاق اراکین کی منظوری مل گئی ۔ اس طرح اب باضابطہ طور پر ہبلی عید گاہ میدان آئندہ رانی چنّمّا میدان کہلائے گا ۔
خیال رہے کہ اس عید گاہ میدان کو جہاں مسلمان سالہا سال سے عیدین کی نماز ادا کرنے کے استعمال کرتے آئے ہیں، وہیں پر تنازعات اور عدالتی کارروائیوں کے بعد حالیہ برسوں میں یہاں باضابطہ طور پر گنیش کی مورتی بھی بٹھانے کا سلسلہ شروع کیا گیا اور بقیہ دنوں میں یہاں موٹر گاڑیوں کی پارکنگ کی جاتی ہے ۔