ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / عوامی اعتماد اور دعاؤں کی بدولت دوسری بار وزیرِ اعلیٰ بن کر تاریخ رقم کی: سدارامیا

عوامی اعتماد اور دعاؤں کی بدولت دوسری بار وزیرِ اعلیٰ بن کر تاریخ رقم کی: سدارامیا

Sat, 10 Jan 2026 12:43:42    S O News

وجئے پورہ، 10/ جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی) وزیرِ اعلیٰ سدارامیا نے کہا ہے کہ ریاست کے عوام کی بھرپور تائید، پارٹی ہائی کمان کی دعاؤں اور اراکینِ اسمبلی کی حمایت کے باعث وہ دوسری مرتبہ وزیرِ اعلیٰ بننے میں کامیاب ہوئے اور اس طرح مرحوم دیوراج ارسو کے طویل مدتی اقتدار کا ریکارڈ توڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے سب سے طویل عرصہ تک خدمات انجام دینے والے وزیرِ اعلیٰ بننے کا اعزاز انہیں عوام کی دعاؤں اور اعتماد کی بدولت حاصل ہوا ہے۔

وہ آج وجئے پورہ ضلع انتظامیہ اور ضلع پنچایت کی جانب سے وی۔ بی۔ اسکول کے احاطے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جہاں ضلع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھے گئے۔وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ دیوراج ارسو 7 سال اور 239 دن تک وزیرِ اعلیٰ رہے تھے اور اس ریکارڈ کو عبور کرنا عوام کے اعتماد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے اس موقع پر ریاست کے عوام سے دلی تشکر اور اظہارِ امتنان پیش کیا۔

سدارامیا نے کہا کہ وجئے پورہ ضلع کے آٹھ اسمبلی حلقوں میں سے کانگریس نے چھ نشستیں حاصل کیں، جو عوام کے اعتماد کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی 135 اسمبلی نشستوں پر کامیابی کے لیے وجئے پورہ کے عوام کی حمایت نہایت اہم رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 45 برسوں سے پورے کرناٹک کا دورہ کر رہے ہیں اور وجئے پورہ کے عوام نے ہمیشہ انہیں بھرپور تعاون اور دعاؤں سے نوازا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ وجئے پورہ ضلع میں مجموعی طور پر 800 کروڑ روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس موقع پر 82 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبوں کا افتتاح کیا گیا جبکہ 730 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف کاموں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ انہوں نے کتور رانی چنّما کے مجسمے کی نقاب کشائی کرتے ہوئے بس اسٹینڈ کو ’’کتور رانی چنّما بس اسٹینڈ‘‘ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ سائیکل سواروں کی سہولت کے لیے اس خطے میں جنوبی ہند کا پہلا ویلوڈروم قائم کیا گیا ہے، جو کھیلوں کے شعبے میں ایک اہم قدم ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے اعلان کیا کہ وجئے پورہ میں سرکاری میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومت نے پی پی پی ماڈل کے تحت میڈیکل کالج کے قیام پر غور کیا تھا، تاہم موجودہ حکومت آئندہ دنوں میں یہاں سرکاری میڈیکل کالج قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست میں 71 میڈیکل کالج موجود ہیں، جن میں سے 22 سرکاری ہیں، جبکہ دیگر اضلاع میں ٹراما سینٹر اور سوپر اسپیشیلٹی اسپتال قائم کرنے کے بھی منصوبے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رکنِ اسمبلی بسون گوڑا یتنال کی جانب سے پیش کردہ متعدد مطالبات میں سے کنک داس سرکل سے امبیڈکر اور شیواجی سرکل تک تین کلومیٹر طویل فلائی اوور کی تعمیر کا مطالبہ شامل ہے، جس پر 160 کروڑ روپے خرچ ہوں گے اور حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہنائے گی۔اس تقریب میں نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی۔ کے۔ شیوکمار، وجئے پورہ ضلع کے انچارج وزیر ایم۔ بی۔ پاٹل، وزیر شیوانند پاٹل، رکنِ اسمبلی بسون گوڑا یتنال سمیت دیگر عوامی نمائندے اور اعلیٰ افسران موجود تھے۔


Share: