ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو جانے والی انڈیگو پرواز سے برڈ ہٹ، وارانسی میں ہنگامی لینڈنگ، 216 مسافر محفوظ

بنگلورو جانے والی انڈیگو پرواز سے برڈ ہٹ، وارانسی میں ہنگامی لینڈنگ، 216 مسافر محفوظ

Tue, 13 Jan 2026 11:05:39    S O News

بنگلورو ، 13/ دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) وارانسی کے لال بہادر شاستری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ گورکھپور سے بنگلورو جا رہی انڈیگو ایئرلائنس کے طیارہ کو ہوا میں پرندہ سے ٹکرانے کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ پائلٹ کی حاضر دماغی اور فوری کارروائی سے تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ دراصل 11 جنوری کی شام 6:25 بجے انڈیگو کی فلائٹ 6ای-437 گورکھپور ایئرپورٹ سے پرواز بھری۔ یہ طیارہ بنگلورو جانے والی تھی اور اس میں 216 مسافر سوار تھے۔

پرواز بھرنے کے تقریباً 15 منٹ بعد جب طیارہ جونپور کے پاس تقریباً 16 ہزار فٹ کی اونچائی پر تھا، تبھی ایک پرندہ ٹکرا گیا۔ ’برڈ ہِٹ‘ کی وجہ سے طیارہ کے نوز سیکشن (آگے کے حصے) کو نقصان پہنچا۔ ابتدائی تحقیقات میں آگے کے حصہ میں ڈینٹ اور ہلکا درار پایا گیا۔ طیارہ کی حالت سنگین ہونے پر پائلٹ نے فوری طور پر وارانسی ایئر ٹرافک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ کیا۔ اس کے بعد طیارہ کو ڈائیورٹ کیا گیا اور شام 6:56 بجے بحفاظت وارانسی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔

ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو رات 8:40 بجے تک طیارہ سے بحفاظت اتار لیا گیا۔ کئی مسافر اس واقعہ سے دہشت میں تھے، لیکن کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انڈیگو ایئرلائنس نے آگے کی پرواز منسوخ کر دی۔ مسافروں کو ٹھہرنے کے لیے وارانسی شہر کے مختلف ہوٹلوں میں انتظام کیا گیا۔

فی الحال انڈیگو کی تکنیکی ٹیم جہاز کو ہوئے نقصان کی مکمل جانچ کر رہی ہے اور مرمت کا کام جاری ہے۔ طیارہ کو ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر-03 پر کھڑا کیا گیا ہے۔ جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی آگے کی پرواز کے بارے میں فیصلہ لیا جائے گا۔ یہ واقعہ ایئر سیفٹی میں میں ’برڈ ہِٹ‘ (پرندوں کے ٹکرانے) کے معاملے کو سامنے لاتا ہے، جو خاص طور پر ٹیک آف یا لینڈنگ کے دوران خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔ انڈیگو ایئرلائنس نے کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے کی اچھی طرح سے تحقیقات کر رہے ہیں۔


Share: