ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / اسکول پر حملہ غلطی نہیں بلکہ جنگی جرم، ایران کا اقوام متحدہ میں سخت مؤقف

اسکول پر حملہ غلطی نہیں بلکہ جنگی جرم، ایران کا اقوام متحدہ میں سخت مؤقف

Sat, 28 Mar 2026 16:53:33    S O News

تہران، 28/  مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی ) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایک بار پھر امریکہ و اسرائیل کے ذریعہ میناب واقع گرلس اسکول پر حملہ کا معاملہ اٹھایا ہے۔ انھوں نے جمعہ کے روز اس تعلق سے اقوام متحدہ میں امریکہ و اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل (یو یان ایچ آر سی) کو بھیجے گئے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ میناب شہر کے ایک اسکول پر ’منصوبہ بند‘ حملہ کیا گیا تھا۔ اس حملہ کو انھوں نے ’انسانیت کے خلاف جرم‘ قرار دیا اور بتایا کہ شجرہ طیبہ پرائمری اسکول پر کیے گئے اس حملہ میں 175 سے زائد بچوں اور اساتذہ کی موت ہو گئی تھی۔

عباس عراقچی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اپنے پاس جدید تکنیک ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، اس لیے کوئی یہ نہیں مان سکتا کہ اسکول پر حملہ قصداً اور ارادتاً نہیں کیا گیا تھا۔ انھوں نے اسے جنگی جرم ور انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس طرح کے عمل کی پوری دنیا میں مذمت ہونی چاہیے اور قصورواروں کو اس کی سزا بھگتنی ہوگی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اس ظلم کو نہ تو مناسب ٹھہرایا جا سکتا ہے، نہ ہی اسے چھپایا جا سکتا ہے، اور نہ ہی اس پر خاموشی اختیار کی جانی چاہیے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ ’’یہ حملہ ایک ’واقعہ‘ یا ’غلطی‘ نہیں تھی۔ امریکہ کے متضاد بیانات ان کے جرم کو درست ٹھہرانے کے لیے دیے گئے ہیں۔ اس طرح کے بیانات سے وہ کسی ذمہ داری سے فرار نہیں اختیار کر سکتے۔‘‘

واضح رہے کہ میناب کے مذکورہ اسکول پر حملہ 28 فروری کو ہوا تھا۔ بڑی تعداد میں طالبات کی ہلاکتوں کے بعد ایران نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا تھا اور اس کا بدلہ لینے کا عزم بھی ظاہر کیا تھا۔ اب اس معاملہ میں عراقچی کا تازہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے، جب واقعہ کو پیش آئے ایک ماہ مکمل ہو گیا ہے۔ حملہ 28 فروری کو ایران و امریکہ کے ذریعہ شروع کردہ جنگ کے پہلے دن ہوا تھا، جب مبینہ طور پر ایک امریکی ٹام ہاک کروز میزائل نے جنوبی ایران کے میناب میں شجرہ طیبہ پرائمری اسکول کو نشانہ بنایا۔ اس میں کم از کم 175 لوگ ہلاک ہوئے تھے، جن میں بیشتر طالبات و اساتذہ تھے۔ درجنوں افراد اس واقعہ میں زخمی بھی ہوئے تھے۔


Share: