کلبرگی، 23/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) عوام کو مختلف سرکاری سرٹیفکیٹ اور خدمات بروقت فراہم کرنے میں کلبرگی ضلع نے ریاستی سطح پر تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اس موقع پر محکمۂ مالگزاری کے کمشنر مُلّئی مُہیلَن نے ڈپٹی کمشنر بی فوزیہ ترنّم کو خصوصی تہنیتی سند پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2025 کے دوران کلبرگی کے ناڈا کچہری / اٹل جی جن سنیہی مراکز میں موصول ہونے والی 26,722 درخواستوں میں سے 99.96 فیصد درخواستیں مقررہ مدت سے پہلے نمٹائی گئیں۔ ضلع نے 6.64 سگما ویلیو اور 8.57 ڈسپوزل انڈیکس حاصل کرتے ہوئے مقررہ مدت سے 9.57 گنا تیز رفتار پر خدمات فراہم کیں، جسے کمشنر نے قابلِ ستائش کارگزاری قرار دیا۔
کمشنر مُہیلن نے اپنے تہنیتی مکتوب میں کہا کہ یہ نمایاں کامیابی ڈپٹی کمشنر بی فوزیہ ترنّم کی مؤثر قیادت اور ناڈا کچہری / اٹل جی جن سنیہی مراکز کے محنتی عملے کی شب و روز محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے اور رفتار کے ساتھ عوامی خدمات انجام دی جائیں گی۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنر فوزیہ ترنّم اور ان کی ٹیم کو اٹل جی جن سنیہی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے خصوصی مبارکباد پیش کی۔