ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کیرالہ کی نرسوں کو راہل گاندھی کا خراجِ تحسین، ملاقات میں خدمات پر شکریہ ادا

کیرالہ کی نرسوں کو راہل گاندھی کا خراجِ تحسین، ملاقات میں خدمات پر شکریہ ادا

Wed, 08 Apr 2026 12:11:31    S O News
کیرالہ کی نرسوں کو راہل گاندھی کا خراجِ تحسین، ملاقات میں خدمات پر شکریہ ادا

ترواننتاپورم ، 8/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)کیرالہ میں انتخابی گہماگہمی کے بیچ راہل گاندھی نے حال ہی میں ریاست کی چند نرسوں سے ملاقات کی۔ خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں صحت کے شعبہ سے جڑے مختلف اہم مسائل پر گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات کی ویڈیو کانگریس اور راہل گاندھی نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ اکاؤنٹس پر شیئر کی، جس میں نرسوں نے دہلی کے اسپتالوں میں اپنے تجربات، کووڈ-19 کے دوران درپیش چیلنجز اور طبی نظام میں موجود خامیوں پر کھل کر اپنی رائے پیش کی۔

کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں نرسوں کے کردار کو ملک کے نظامِ صحت میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور نرسوں کی محنت، ایثار و ہمدردی کو مرکزی حیثیت دی ہے۔ کانگریس کے مطابق نرسیں ہمارے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بنیاد ہیں، جن کی دیکھ بھال، ہمدردی اور لگن مریضوں کے اہل خانہ کو حوصلہ اور اعتماد فراہم کرتی ہے۔ خاص طور پر کیرلم کی نرسیں اس جذبہ کی بہترین مثال ہیں، جو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نہایت خلوص کے ساتھ انجام دیتی ہیں۔

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے کیرلم کی نرسوں سے ملاقات کے دوران نہ صرف نرسنگ کے پیشہ بلکہ ان کی ثقافت، کھانے پینے کی عادات اور تعلیمی پس منظر پر بھی گفتگو کی۔ راہل گاندھی نے اس بات پر زور دیا کہ نرسوں کی قربانیاں اور خدمات معاشرے کے لیے انتہائی اہم ہیں، اور ان کی بدولت ہی لوگ اپنے عزیزوں کو اسپتالوں میں اطمینان کے ساتھ چھوڑ پاتے ہیں۔

راہل گاندھی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کیرلم کی نرسیں پورے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں اور ان کی لگن، بے لوث خدمت اور ہمدردی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے نرسوں سے ملاقات کو اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی خدمات کے لیے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں، کیونکہ وہ نہ صرف عوام بلکہ پورے ملک کی خدمت کر رہی ہیں۔


Share: