ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: مرڈیشور کے پانچ راوڈی شیٹرز چھ ماہ کے لیے تڑی پار؛ جرائم پر قابو پانے کے لیے سخت کارروائی

بھٹکل: مرڈیشور کے پانچ راوڈی شیٹرز چھ ماہ کے لیے تڑی پار؛ جرائم پر قابو پانے کے لیے سخت کارروائی

Thu, 09 Apr 2026 12:03:27    S O News
بھٹکل: مرڈیشور کے پانچ راوڈی شیٹرز چھ ماہ کے لیے تڑی پار؛ جرائم پر قابو پانے کے لیے سخت کارروائی

بھٹکل 9/اپریل (ایس او نیوز) : ضلع اترکنڑا میں امن و امان برقرار رکھنے کے مقصد سے محکمہ  پولیس  نے سخت کارروائی کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور پولیس حدود میں مسلسل جرائم میں ملوث پانچ عادی ملزمان کو چھ ماہ کی مدت کے لیے ضلع بدر (جلاوطن) کر دیا ہے۔

جن افراد کے خلاف یہ کارروائی کی گئی ہے ان کی شناخت بھاسکر مہادیو نائک (40)، راجو مہادیو نائک (36)، کیشو ریتھک مہادیو نائک (27)، گنیش بابو نائک (25) اور گنیش چاکلی جینت نائک (23) کے طور پر ہوئی ہے۔ ان تمام کے خلاف مختلف مقدمات درج تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ان ملزمان کی سرگرمیوں پر طویل عرصے سے نظر رکھی جا رہی تھی اور انہیں راوڈی شیٹرز کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ تاہم ان کے رویے میں کوئی بہتری نہیں آئی اور وہ بار بار غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے، جس کے بعد پولیس نے جلاوطنی کی کارروائی عمل میں لائی۔

ضلع اترکنڑا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے کرناٹک پولیس ایکٹ 1963 کی دفعات 55 (اے) اور (بی) کے تحت کارروائی کی سفارش کی تھی۔ اس سفارش کی بنیاد پر بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر اور سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی عدالت نے 2 اپریل کو جلاوطنی کا حکم جاری کیا۔

حکم کے مطابق بھاسکر مہادیو نائک کو باگلکوٹ ضلع کے نون نگر پولیس اسٹیشن حدود میں، راجو مہادیو نائک کو بیدر ضلع کے نیو ٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود میں، اور کیشو ریتھک مہادیو نائک کو گدگ ضلع کے بیٹاگیری پولیس اسٹیشن حدود میں بھیجا گیا ہے۔ اسی طرح گنیش بابو نائک کو وجئے پور ضلع کے گاندھی چوک پولیس اسٹیشن حدود میں جبکہ گنیش چاکلی جینت نائک کو کلبرگی ضلع کے چوک پولیس اسٹیشن حدود میں جلاوطن کیا گیا ہے۔

5 اور 6 اپریل کو مرڈیشور پولیس نے ان ملزمان کو متعلقہ اضلاع کے پولیس اسٹیشن حکام کے سامنے پیش کرکے جلاوطنی کے حکم پر عمل درآمد کیا۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ ضلع میں جرائم پر قابو پانے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اس طرح کی سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


Share: