بھٹکل 8/اپریل (ایس او نیوز) : اتر کنڑا کے یلاپور تعلقہ کے اربائل گھاٹ میں قومی شاہراہ 63 پر پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں ایک چلتی کار میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں کار میں موجود ڈرائیور زندہ جل کر ہلاک ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی صبح پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق کار ہبلی سے انکولہ کی جانب جا رہی تھی کہ تالیکمبری بس اسٹاپ کے قریب چلتی حالت میں اس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث ڈرائیور کو باہر نکلنے کا کوئی موقع نہیں مل سکا۔ ڈرائیور اس قدر جھلس گیا کہ اس کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی ووکس ویگن کمپنی کی بتائی جا رہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی یلاپور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔
پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور متوفی کی شناخت کے ساتھ ساتھ واقعے کی اصل وجوہات معلوم کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔