ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / شدید گرمی کی لہر، دنیا کے 100 گرم ترین شہروں میں 92 ہندوستان کے شامل، باندہ سرفہرست

شدید گرمی کی لہر، دنیا کے 100 گرم ترین شہروں میں 92 ہندوستان کے شامل، باندہ سرفہرست

Sun, 26 Apr 2026 17:54:04    S O News
شدید گرمی کی لہر، دنیا کے 100 گرم ترین شہروں میں 92  ہندوستان  کے شامل، باندہ سرفہرست

نئی  دہلی ،26/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) رواں موسم گرما کے آغاز سے ہی گرمی ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ عالمی درجہ حرارت کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 100 گرم ترین شہروں میں سے 92 ہندوستان کے ہیں۔ اس کے علاوہ 6 شہر تھائی لینڈ میں اور 2 نیپال میں ہیں۔ اپریل کے شروع میں دہلی، ممبئی، چنئی اور بنگلور جیسے شہروں میں درجہ حرارت کی سطح 42 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گئی۔ اس دوران دہلی کا درجہ حرارت 44.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

پورے ملک میں ہفتہ کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 47.4 ڈگری سیلسیس اتر پردیش کے باندہ کا رہا۔ اس کے بعد پریاگ راج میں 45.5 ڈگری، وارانسی میں 45 ڈگری، جھانسی میں 44.8 ڈگری اورغازی آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کےعلاوہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 ڈگری یا اس سے زیادہ ہے، جس کی وجہ سے گرم لہر کے حالات پیدا ہورہے ہیں۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، اتر پردیش، راجستھان اور وسطی ہندوستان کے کچھ حصوں میں گرم لہر کا امکان ہے۔ شمالی ہندوستان میں راتیں بھی گرم رہ سکتی ہیں۔ یہ صورتحال ’ہیٹ ڈوم‘ جیسے حالات کی طرف اشارہ کررہی ہے جس میں گرم ہوا ایک علاقے میں پھنس جاتی ہے اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے۔

اس موسم میں 100 سب سے زیادہ گرم شہروں میں اترپردیش کے 37 شہر شامل ہیں۔ وہیں مغربی بنگال کے 18، پنجاب میں 7، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے 6-6، بہار اور اڈیشہ کے 5، مہاراشٹرا کے 4 اور اتراکھنڈ اور آندھرا پردیش کے 2-2 شہر شامل ہیں۔ زیادہ تر شہروں میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں دہلی میں ہفتے کو درجہ حرارت 43 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے رام منوہر لوہیا اسپتال میں ہیٹ اسٹروک یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس میں کولنگ ٹب، 200 کلو برف بنانے والی مشینیں اور پورٹیبل آئس پیک بھی رکھے گئے ہیں۔

شدید گرمی کے موسم میں اتر پردیش کے آگرہ، متھرا، فیروز آباد اور مین پوری میں مزدوروں کو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان کام کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اڈیشہ میں پیر سے تمام سرکاری اسکول بند رہیں گے۔ وہیں کیرالہ میں لوگوں سے دن میں 11 سے 3 بجے کے درمیان باہر نہ نکلنے اور سیلف لاک ڈاؤن اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اسی طرح کرناٹک میں تمام اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک یونٹ قائم کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ یہ یونٹ 31 جولائی تک فعال رہیں گے جبکہ مدھیہ پردیش کے نرمداپورم ضلع میں اسکولوں کی چھٹی کر دی گئی ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ دوپہر کے وقت دھوپ سے بچیں، وافر مقدار میں پانی پییں، ہلکے لباس پہنیں اور بچوں، بوڑھوں اور بیماروں کا خاص خیال رکھیں۔ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے }ہیٹ اسٹروک{ جیسے سنگین مسائل سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔


Share: