مدینہ، 17/ نومبر (ایس او نیوز) سعودی عرب کے مدینہ منورہ شاہراہ پر پیر کی صبح پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے میں 40 سے زائد عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے کی خبر موصول ہوئی ہے۔
مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ آدھی رات تقریباً ڈیڑھ بجے اس وقت پیش آیا جب عمرہ زائرین سے بھری ایک مسافر بس کی ڈیزل ٹینکر سے شدید ٹکر ہوگئی۔ ٹکر کے فوراً بعد ٹینکر کا ڈیزل ٹینک پھٹ گیا اور خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند ہی لمحوں میں پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق بس مکہ سے مدینہ کی جانب رواں تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ آگ لگنے کے باعث بس کا بیشتر حصہ جل کر خاکستر ہوگیا اور امدادی ٹیموں کو لاشوں تک پہنچنے میں بھی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا جا رہا ہے کہ ہلاک شدگان میں متعدد بھارتی شہری بھی شامل ہیں، جن میں خاص طور پر تلنگانہ اور حیدرآباد کے عمرہ زائرین کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ تاہم سرکاری طور پر شناخت اور حتمی اعداد و شمار کی تصدیق ابھی جاری ہے۔
تلنگانہ حکومت، ریاستی انتظامیہ اور بھارتی وزارتِ خارجہ نے سعودی حکام سے رابطہ قائم کر لیا ہے۔ ریاستی حکومت نے متاثرہ خاندانوں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا ہے۔
دریں اثنا، سعودی حکام نے حادثے کی ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹکر اور آگ لگنے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے واقعے کا تکنیکی معائنہ کیا جا رہا ہے۔