ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ریاستی اسپتالوں میں مریضوں کے لیے غذائیت سے بھرپور کھانے کی فراہمی کی نئی اسکیم کا آغاز – وزیر صحت دنیش گنڈو راؤ نے افتتاح کیا

ریاستی اسپتالوں میں مریضوں کے لیے غذائیت سے بھرپور کھانے کی فراہمی کی نئی اسکیم کا آغاز – وزیر صحت دنیش گنڈو راؤ نے افتتاح کیا

Thu, 04 Sep 2025 18:12:07    S O News

بنگلورو، 4؍ستمبر (ایس او نیوز/ایجنسی): ریاست کرناٹک میں پہلی مرتبہ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو غذائیت سے بھرپور خصوصی کھانے فراہم کرنے کی اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیر صحت دنیش گنڈو راؤ نے بدھ کے روز بنگلورو کے سی وی رامن نگر اسپتال میں مریضوں کو کھانا تقسیم کرتے ہوئے اس منفرد اسکیم کا باضابطہ افتتاح کیا۔

یہ منصوبہ محکمہ صحت کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ ادارے ’’اِسکان‘‘ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ مریضوں کی صحت یابی میں صرف ادویات اور علاج ہی نہیں بلکہ متوازن اور معیاری غذائیت بھی نہایت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسی ضرورت کو دیکھتے ہوئے یہ نئی اسکیم ترتیب دی گئی ہے تاکہ مریضوں کو ان کی مخصوص ضروریات کے مطابق کھانے فراہم کیے جاسکیں۔

اس منصوبے کے تحت مریضوں کی عمر، صحت اور طبی حالت کے مطابق مختلف زمروں میں کھانے تقسیم کیے جائیں گے۔ حاملہ خواتین کے لیے آئرن اور فولک ایسڈ سے بھرپور غذا، زچگی کے بعد خواتین کے لیے دودھ کی افزائش اور جسمانی توانائی بڑھانے والی غذائیں، جبکہ بچوں کے لیے قوتِ مدافعت اور نشوونما میں معاون خوراک کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی طرح عام مریضوں کے لیے متوازن خوراک اور مخصوص امراض کے مریضوں کے لیے علاجی غذا بھی دستیاب ہوگی۔

ابتدائی مرحلے میں یہ اسکیم بنگلورو کے کے سی جنرل اسپتال، جے نگر اسپتال اور سی وی رامن نگر اسپتال میں شروع کی گئی ہے۔ وزیر صحت نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں ریاست کے تمام ضلعی سرکاری اسپتالوں تک اس اسکیم کو توسیع دی جائے گی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ہر اسپتال میں روزانہ تقریباً 250 مریضوں کو یہ کھانے فراہم کیے جائیں گے۔ اِسکان کے ساتھ اس منصوبے کے لیے 9 ماہ کا معاہدہ کیا گیا ہے جس پر تقریباً 1 کروڑ 37 لاکھ 45 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔ مریضوں کو دن میں ناشتہ، ہلکی غذائیں (صبح و شام)، دوپہر کا کھانا اور رات کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔

وزیر صحت دنیش گنڈو راؤ نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام ریاستی اسپتالوں میں علاج اور دیکھ بھال کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ مریضوں کی جلد صحت یابی میں بھی انقلابی ثابت ہوگا۔


Share: