نئی دہلی ، 22/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کے لیڈر اور رکن پارلیمان ششی تھرور کے خلاف یہ الزامات زور پکڑتے جارہے ہیں کہ وہ حکمراں اتحاد سے پینگیں بڑھا رہے ہیں۔ یہ اختلاف اور ناراضگی سنیچر کو اس وقت کھل کر سامنے آگئے جب کانگریس لیڈر پون کھیرا نے ان پر تنقید کی۔
ششی تھرور پر الزام لگایا جارہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم کے جی سیون دورے کی بیجا تعریف کی اور مبینہ خاموشی کے باوجود دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے اپنے ملک کی کامیاب نمائندگی کی۔
رپورٹ کے مطابق سنیچر کو پارٹی کے رکن پارلیمان اور لیڈر پون کھیرا نے اپنے ساتھی ششی تھرور کے حکومت کے تئیں مبینہ نرم رویہ پر ردعمل ظاہر کیا اور سوالات قائم کئے۔
پون کھیرا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’میرے سینئر ساتھی ڈاکٹر ششی تھرور کی وزیر اعظم مودی کیلئے تعریف شاید اب مادی دنیا کی حدود سے بھی آگے نکل چکی ہے۔ اب تو ایسا لگتا ہے کہ وہ وہ باتیں بھی سن سکتے ہیں جو مودی نے کہی ہی نہیں۔‘‘
کھیرا نے الزام لگاتے ہوئے یہ موقف پیش کیا کہ ’’جی سیون کے موقع پر مودی اور ٹرمپ کی ملاقات کے بارے میں وزارتِ خارجہ کے سرکاری بیان کے مطابق: (۱) خلیجِ عمان میں امریکہ کے ہاتھوں ۳؍ ہندوستانی ملاحوں کے بے رحمانہ قتل کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ (۲) آپریشن سیندور کے بعد یہ مودی اور ٹرمپ کی پہلی ملاقات تھی، لیکن اس میں اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملتا کہ مودی نے ٹرمپ کے اس بار بار دہرائے جانے والے دعوے کو چیلنج کیا ہو جسے وہ اب 120؍ سے زائد مرتبہ دہرا چکے ہیں کہ انہوں نے بھارت کو تجارتی نتائج کی دھمکی دے کر جنگ بندی کرائی۔ (۳) ایرانی جنگی جہاز آئی آر آئی ایس دینا پر حملے کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے، حالانکہ یہ جہاز میلان 2026ء کے دوران ہندوستان کا مہمان تھا اور یہ واقعہ عملاً ہندوستان کے اسٹریٹجک پڑوس میں پیش آیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’اور اس کے باوجود، تھرور صاحب نہ جانے کیسے ایسے مضبوط بیانات، سخت جواب اور غیر متزلزل سفارت کاری سن لیتے ہیں جن کا سرکاری ریکارڈ میں کہیں کوئی ذکر نہیں۔‘‘
پون کھیرا نے مزید کہا کہ ’’شاید ہم باقی لوگ عام انسانی حواس کے پابند ہیں۔ لیکن ’مہا-مانَو مودی‘ کے عقیدتمندوں کیلئے، مودی جتنا کم بولتے ہیں، وہ اتنا ہی زیادہ سن لیتے ہیں۔‘‘
ششی تھرور نے پون کھیرا کی تنقید کا جواب ایکس پر یوں دیا کہ ’’جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میں نے وہ الفاظ ’سن‘ لئے جو نریندر مودی نے جی سیون میں کبھی کہے ہی نہیں، انہیں بتا دوں کہ میں صرف ان خبروں کا حوالہ دے رہا تھا جو مختلف ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر شائع ہوئیں۔ اگر آپ کوئی رپورٹ سننا چاہتے ہیں تو اس کا (یوٹیوب) لنک یہ رہا۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’بصورت دیگر گوگل جیمنائی کی مدد سے اس ویڈیو رپورٹ کا خلاصہ یہ ہے....‘‘
قابل ذکر ہے کہ تھرور نے وزیراعظم مودی کے جی سیون اجلاس کے بیانات کو پیش کرکے اپنے موقف کا دفاع کیا ہے۔