ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگاوی زہریلی سازش پر سدارامیا کا سخت ردعمل: فرقہ پرستی انسانیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ

بیلگاوی زہریلی سازش پر سدارامیا کا سخت ردعمل: فرقہ پرستی انسانیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ

Sun, 03 Aug 2025 19:26:03    S O News

بنگلورو، 3 اگست (ایس او نیوز / ایجنسی) وزیراعلیٰ کرناٹک سدارامیا نے بیلگاوی ضلع کے ساودتّی تعلقہ کے ہؤلیکٹّی گاؤں میں پیش آئے انسانیت سوز واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذہبی جنونیت اور فرقہ وارانہ ذہنیت کو سماج اور انسانیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

موصولہ تفصیلات کے مطابق، اس واقعے میں کچھ شدت پسند عناصر نے ایک سرکاری اسکول کے طلبہ کے پینے کے پانی میں زہر ملا دیا۔ وزیراعلیٰ نے اس گھناؤنے جرم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کے ہیڈماسٹر، جو کہ مسلمان ہیں، کو گاؤں سے ہٹانے کے مقصد سے یہ مذموم سازش رچی گئی تھی تاکہ ان کی شبیہ خراب کی جا سکے۔ یہ حرکت نہ صرف شرمناک ہے بلکہ انسانیت کے خلاف ایک مجرمانہ اقدام ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس نے اس معاملے میں شری رام سینا کے ساودتی تعلقہ صدر ساگر پاٹل سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور قانون کے تحت سخت کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اس واقعے میں کسی بچے کی جان نہیں گئی، البتہ متعدد بچے بیمار ہوئے۔

سدارامیا نے کہا کہ مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے والے اور سیاسی فائدہ اٹھانے کی نیت سے سماج میں زہر گھولنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ حکومت نے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کی ہے، اور پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سخت ترین قدم اٹھائے۔

وزیراعلیٰ نے بی جے پی لیڈروں اور شری رام سینا کے سربراہ پرمود متالک سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ آخر کب تک ایسی نفرت انگیز حرکتوں کو پروان چڑھایا جاتا رہے گا؟ کیا معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنا کوئی سیاسی ہتھکنڈہ ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی حرکتوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سدارامیا نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ذہنیت کے خلاف آواز بلند کریں اور ایسی حرکتوں پر خاموش نہ رہیں، بلکہ فوری طور پر شکایت درج کرائیں تاکہ خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

آخر میں، وزیراعلیٰ نے پولیس کو بروقت کارروائی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ عدلیہ اس کیس میں ملوث مجرموں کو سخت سزا دے گی تاکہ آئندہ کوئی ایسی گھناؤنی حرکت کرنے کی ہمت نہ کر سکے۔


Share: