حیدرآباد، 16 ستمبر (ایس او نیوز): تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں گنیش مورتی وسرجن کے دوران ایک المناک حادثے میں چھ طلبہ ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ بدھ، 16 ستمبر کی شام پٹن چیرو منڈل کے پیڈا کنجرلا گاؤں کے قریب ایک جھیل میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق طلبہ گنیش مورتی وسرجن کے لیے جھیل میں اترے تھے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شریشا چیریٹیبل ٹرسٹ سے تعلق رکھنے والے نو طلبہ گنیش مورتی وسرجن کے لیے جھیل پہنچے تھے۔ مورتی کو پانی میں لے جاتے ہوئے انہیں پانی کے اندر موجود ایک گہرے گڑھے کا اندازہ نہیں ہوا، جس کے باعث چھ طلبہ گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے، جبکہ تین طلبہ تیر کر واپس کنارے پہنچنے میں کامیاب رہے۔
حادثے کے بعد مقامی افراد اور پولیس نے ریسکیو کارروائی شروع کی اور چھ طلبہ کی لاشیں پانی سے نکال لی گئیں۔ انہیں پٹن چیرو کے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
مرنے والے طلبہ کی شناخت نرسمہا راجو (21)، سمنت (19)، گنیش (18)، اودے کرن (21)، شام کمار (18) اور سدھارتھ (16) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نرسمہا راجو انجینئرنگ کا طالب علم تھا، جبکہ سمنت، گنیش، اودے کرن اور شام کمار ڈپلومہ کر رہے تھے اور سدھارتھ دسویں جماعت کا طالب علم تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
حادثے پر تلنگانہ کے وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندانوں کی مدد کی ہدایت دی۔ انہوں نے مستقبل میں گنیش وسرجن کے دوران مناسب حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔