بینگلورو، 5 / جنوری (ایس او نیوز) امریکہ کی جانب سے وینزویلا پر کی گئی فوجی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی اور سوشیلسٹ یونٹی سینٹر آف انڈیا کی طرف سے الگ الگ احتجاجی مظاہر کیے گئے ۔
مہالکشمی لے آوٹ پر مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی کے دفتر کے قریب اور فرینڈز پارک میں جمع ہو کر ان پارٹیوں کے کارکنان نے امریکہ کی مذمت اور وینزویلا کی حمایت میں نعرے بازی کرنے کے علاوہ گرفتار کیے گئے وینزویلا کے صدر کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔
اس موقع پر بولتے ہوئے سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری کے پرکاش نے امریکہ کی طرف سے وینزویلا پر ہوئی فوجی کارروائی کو بھارت سمیت دنیا کے سبھی خود مختار ممالک پر حملہ قرار دیا ۔ وینزویلا کے تیل کے خزانوں پر قبضہ جمانے کے مقصد سے یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو وینزویلا کے صدر کی رہائی کے لئے امریکہ پر دباو ڈالنا چاہیے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کاونسل کو امریکہ کی اس حرکت کے خلاف فوری اقدام کرنا چاہیے ۔
سوشیلسٹ یونٹی سینٹر کی طرف سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں بینگلورو نارتھ ڈسٹرکٹ کے سیکریٹری گیان مورتی نے وینزویلا پر امریکی کارروائی فوراً روکنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے جمہوری طریقے سے اقتدار پر آنے والے صدر نکولس مڈورو اور ان کی بیوی سیلیا اغوا کرتے ہوئے بزدلانہ طریقے سے سنگین جرم انجام دیا گیا ہے ۔ یہ امریکہ کی زور زبردستی والی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔