ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بیلگاوی میں افسوسناک سانحہ: بند کمرے میں کوئلے کی انگیٹھی جلانے سے تین جاں بحق، ایک کی حالت نازک

بیلگاوی میں افسوسناک سانحہ: بند کمرے میں کوئلے کی انگیٹھی جلانے سے تین جاں بحق، ایک کی حالت نازک

Thu, 20 Nov 2025 08:05:35    S O News
بیلگاوی میں افسوسناک سانحہ: بند کمرے میں کوئلے کی انگیٹھی جلانے سے تین جاں بحق، ایک کی حالت نازک

بیلگام 19/نومبر (ایس او نیوز) کرناٹک کے ضلع بیلگاوی میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں سردی سے بچنے کے لیے بند کمرے میں جلائی گئی کوئلے کی انگیٹھی تین نوجوانوں کی جان لے گئی، جبکہ ایک نوجوان کی حالت تشویش ناک ہے۔ حادثہ امن نگر کے ایک گھر میں پیش آیا اور منگل کی شام اس وقت سامنے آیا جب اہل خانہ نے بار بار فون کرنے کے باوجود رابطہ نہ ہونے پر گھر جا کر صورتحال دیکھی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں محین نالبند (23)، ریحان میٹے (22) اور سرفراز ہرپّن ہلی (22) شامل ہیں، جو بیلگاوی کے رہائشی تھے۔ شاہنواز ہرپّن ہلی (19) کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہے۔

پولیس نے بتایا کہ نوجوان ایک خاندانی تقریب میں شرکت کے بعد رات تقریباً ایک بجے گھر واپس آئے۔ چونکہ گھر کی خواتین اندر سو رہی تھیں، یہ چاروں اپنے ایک رشتہ دار کے خالی گھر میں جا ٹھہرے۔ شدید سردی کے باعث انہوں نے کمرہ گرم رکھنے کے لیے کوئلے کی انگیٹھی جلا لی اور کمرے کی تمام کھڑکیاں اور دروازے بند کر کے سو گئے۔

تفتیشی افسران کا کہنا ہے کہ کمرے میں ہوا کی کوئی نکاسی نہیں تھی، جس کی وجہ سے پوری رات دھواں جمع ہوتا رہا اور آہستہ آہستہ آکسیجن کی کمی واقع ہو گئی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان نیند میں ہی بے ہوش ہو گئے اور دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے۔ تاہم حتمی وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گی۔

واقعہ اس وقت سامنے آیا جب منگل کی شام ریحان میٹے کی بہن نے اس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر کوئی جواب نہ ملا۔ گھر پہنچنے پر اسے اندازہ ہوا کہ دروازہ اندر سے بند ہے اور اندر سے عجیب سی بدبو آ رہی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا اور اندر تین لاشیں اور ایک بے ہوش نوجوان پایا۔

ایک قریبی رشتہ دار کے مطابق نوجوانوں نے رات کو گھر پہنچنے کے بعد چائے بھی پی تھی اور تصاویر بنا کر واٹس ایپ اسٹیٹس پر بھی لگائی تھیں۔

پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ اس دل دہلا دینے والے سانحے نے علاقے میں شدید غم و سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے۔

 


Share: