بینگلورو،17 / دسمبر (ایس او نیوز) یشونت پور ریلوے اسٹیشن پر اس وقت افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا جب مسافروں کے ایک گروپ نے زنجیر کھینچ کر ٹرین روکی اور پھر تفتیش کے لئے آنے والے ریلوے پروٹیکشن فورس کے عملے پر حملہ کر دیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ شہر کے 14 نوجوانوں کا ایک گروپ یشونت پور - واسکوڈا گاما ایکسپریس ٹرین کے کوچ نمبر S3 میں سفر کر رہا تھا ۔ انہوں نے تاخیر سے آنے والے اپنے دوستوں کو ٹرین میں چڑھنے کا موقع فراہم کرنے کے مقصد سے ٹرین کی زنجیر کھینچ دی ۔ پلیٹ فارم پر موجود آر پی ایف کا عملہ تفتیش کے لئے فوراً متعلقہ کوچ کے پاس پہنچا ۔ اس دوران مبینہ طور پر نوجوانوں کے اس گروپ نے آر پی ایف جوانوں پر حملہ کر دیا ۔
گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے افسران کو شبہ ہے کہ یہ نوجوان شراب کے نشے میں تھے، اور اس بات کی تصدیق کے لئے ان کا طبی معائنہ کروایا گیا ۔ ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ان نوجوانوں نے ہر دس منٹ میں ایک بار زنجیر کھینچتے ہوئے کئی مرتبہ ٹرین کو رکنے پر مجبور کیا تھا ۔
آر پی ایف کے سینئر ڈیویژنل سیکیوریٹی کمشنر شریانس چینچاواڈے نے بتایا کہ " یہ بینگلورو کے نوجوانوں کا ایک گروپ تھا جو گوا جا رہا تھا ۔ ہم نے ان میں سے تین کو گرفتار کر لیا ہے اور جی پی آر پی ایکٹ 1989 اور ریلویز ایکٹ 1989کے ان کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے ۔"