ٹمکورو 4/اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع ٹمکورو میں ایک پرائیویٹ بس اور کار کے درمیان ہوئی آمنے سامنے کی ٹکر میں تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ حادثہ ہفتہ کی شام بیلادھرا گیٹ کے قریب پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بس ٹمکورو سے پاوگڈ کی طرف جا رہی تھی جس کے دوران مخالف سمت سے آ رہی کار سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار کے پرخچے اُؑڑ گئے اور اس میں سوار تین افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
ہلاک شدگان کی شناخت کتّی ناگین ہلی گاؤں کے رہائشی شیو کمار (28)، گووندپّا (60) اوربائچا پور کے ساکن شیو شنکر (28) کے طور پر ہوئی ہے۔ شدید زخمیوں میں وینو گوبال (28) ساکن کتّی ناگین ہلی کو ٹمکور اورریڈی ہلی کے رہائشی شنکر (28) کو بینگلور اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ تمام مسافر کورٹگیرے تعلقہ کے مختلف دیہاتوں سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ دکشن کنڑا کے مذہبی مقام دھرمستلا کی زیارت کے لیے جا رہے تھے،جس کے دوران راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹمکورو ضلعی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ٹمکورو مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔