ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / دبئی میں جاری بھٹکل پریمئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل اتوار کو ہوگا سنسنی خیز فائنل؛ اے زیڈ ڈائمنڈ اور رس بہار آمنے سامنے

دبئی میں جاری بھٹکل پریمئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل اتوار کو ہوگا سنسنی خیز فائنل؛ اے زیڈ ڈائمنڈ اور رس بہار آمنے سامنے

Sat, 31 Jan 2026 20:26:20    S O News
دبئی میں جاری بھٹکل پریمئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کل اتوار کو ہوگا سنسنی خیز فائنل؛  اے زیڈ ڈائمنڈ اور رس بہار آمنے سامنے

دبئی، 31 جنوری (ایس او نیوز): دبئی میں جاری بھٹکل پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ کل اتوار، یکم فروری کو عجمان کے قریب اول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ سخت ترین ٹیموں کو پے در پے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی اے زیڈ ڈائمنڈ اور رس بہار کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ نہایت سنسنی خیز اور کانٹے دار ہوگا۔

بی پی ایل کے سرگرم رکن آفاق نائطے نے بتایا کہ 4 جنوری سے ہر اتوار کو کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ بھٹکل، مرڈیشور اور منکی کے وہ کھلاڑی جو دبئی یا دیگر امارات میں مقیم ہیں، انہیں آکشن کے ذریعے مختلف ٹیموں میں شامل کیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے تمام آٹھ ٹیمیں بے حد مضبوط ثابت ہوئیں۔ دلچسپ اور سنسنی خیز لیگ میچوں کے بعد سیمی فائنل مقابلے بھی انتہائی سخت رہے، جن سے لطف اندوز ہونے کے لیے دبئی اور دیگر امارات میں مقیم بھٹکل اور اطراف کے سینکڑوں شائقین ہر اتوار کو کرکٹ گراؤنڈ پہنچ رہے ہیں۔ اس ٹورنامنٹ نے امارات کے مختلف علاقوں میں بکھرے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے۔

bpl-dubai-sf-1

آفاق نائطے نے مزید بتایا کہ 20 اوورز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ اتوار کو دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائنل میں اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرز کی نمائندگی بھٹکل کے مایہ ناز بالر سمیم خطیب جبکہ رس بہار چیلنجرز کی نمائندگی بہترین آل راؤنڈر فرقان ایس ایم کر رہے ہیں۔

بی پی ایل کے کمشنر طحہٰ معلم نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد دبئی اور دیگر امارات میں مقیم بھٹکل اور اطراف کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا، جس میں بی پی ایل کمیٹی پوری طرح کامیاب رہی ہے۔ امارات میں مقیم کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھٹکل اور اطراف کے عوام کو معیاری اور یادگار کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔

bpl-dubai-sf-2

بی پی ایل کے چیئرمین یاسر قاسمجی نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم  9,9999 درہم بمع ٹرافی جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 7,777 درہم بمع ٹرافی انعام میں دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ فائنل میچ ساحل آن لائن کے یوٹیوب چینل  youtube.com/sahilonline پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں اے زیڈ ڈائمنڈ رائیڈرز نے 171 رنز اسکور کرکے رائزنگ اسٹارس کو آخری لمحات میں صرف چھ رنز سے شکست دی تھی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں رس بہار چیلنجرز نے ٹی ٹو پارٹی آفیشلز کے بنائے گئے 197 رنز کے ہمالیائی ہدف کو بیسویں اوور میں حاصل کر کے شاندار فتح درج کی تھی۔

first-sf
second-sf


 Click here for report in English 


Share: