بسوا کلیان 27/اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک کے ضلع بیدر کے بسوا کلیان تعلقہ کے رامپورواڑی گاؤں میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں مویشی چرانے کے لیے کھیت میں جانے والے دو کم سن لڑکے تالاب میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے بچوں کی شناخت میلاری ڈوڈمنی (10) اور شرنپا ہالگورٹے (10) کے طور پر کی گئی ہے، دونوں رامپورواڑی گاؤں کے رہائشی تھے۔
اطلاعات کے مطابق، اتوار کی دوپہر تقریباً ایک بجے دونوں بچے مویشی چرانے کے دوران کھیت میں موجود ایک تالاب میں نہانے کے لئے اترے۔ نہاتے ہوئے وہ گہرے پانی میں پھنس گئے اور باہر نہ نکل سکنے کی وجہ سے دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر سدّلِنگا پاٹل نے راجیشور کے سرکاری کمیونٹی ہیلتھ سینٹر کا دورہ کرکے غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اور تعزیت پیش کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سرکار کی جانب سے ممکنہ تمام مدد اور سہولیات متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جائیں گی۔
اس واقعہ کے سلسلے میں بسوا کلیان رورل پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔