دبئی، 16 مئی (ایس او نیوز): دبئی اور متحدہ عرب امارات میں مقیم بھٹکل اور اطراف سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہوئے آئی پی ایل طرز پر کامیاب ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے معروف بھٹکل پریمیئر لیگ (بی پی ایل) نے اپنی نئی گورننگ باڈی کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق بی پی ایل کے سینئر اور بانی اراکین میں شمار کیے جانے والے جیلانی محتشم کو چیئرمین منتخب کیا گیا، جبکہ آفاق نائیطے کو کمشنر کی ذمہ داری سونپی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ بی پی ایل کا آئندہ ٹورنامنٹ جنوری 2027 میں منعقد ہوگا، تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی باقی ہے۔
ذرائع کے مطابق بی پی ایل گورننگ کونسل کا اہم اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا، جس میں فروری 2026 میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہونے والے ٹورنامنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران آئندہ ایڈیشن کو مزید منظم، معیاری اور شاندار انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، جبکہ مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے جامع منصوبہ بندی بھی کی گئی۔
اجلاس میں آئندہ میعاد کے لیے نئی باڈی کا انتخاب اتفاقِ رائے سے عمل میں آیا۔ جیلانی محتشم کو چیئرمین اور آفاق نائیطے کو کمشنر منتخب کرنے کے علاوہ عمران خطیب کو نائب چیئرمین، عبدالباسط صوبیدار کو نائب کمشنر، تبریز گوائی کو محاسب اور لنکا عبدالستار کو خازن مقرر کیا گیا۔
انتخابی کارروائی معلم طحہ کی نگرانی میں مکمل کی گئی۔
واضح رہے کہ دبئی میں قائم بھٹکل پریمیئر لیگ گزشتہ 15 برسوں کے دوران 12 کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرچکی ہے اور امارات میں مقیم کھیل دوست افراد کے درمیان ایک معتبر اور نمایاں اسپورٹس پلیٹ فارم کے طور پر اپنی شناخت قائم کیے ہوئے ہے۔
گورننگ کونسل نے امید ظاہر کی ہے کہ جنوری 2027 میں منعقد ہونے والا اگلا ٹورنامنٹ سابقہ تمام ایڈیشنز سے زیادہ کامیاب، منظم اور یادگار ثابت ہوگا۔