لکھنؤ، 15؍مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش اسمبلی میں آج ریاستی جی ایس ٹی بل پیش کیا گیا،بی جے پی کی قیادت میں ریاستی حکومت بننے کے بعد یہ پہلا سیشن ہے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایوان میں جی ایس ٹی(گڈس اینڈسروس ٹیکس )بل ایوان میں پیش کیا۔اس سے پہلے گورنر رام نائیک نے اسمبلی کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔یہ سیشن خاص طور پر جی ایس ٹی بل منظور کرانے کے مقصد سے طلب کیا گیا ہے۔مرکزی حکومت یکم جولائی سے جی ایس ٹی نافذ کرنے کا ارادہ کر رہی ہے۔ایوان کا اجلاس دن بھر کے لیے ملتوی کئے جانے کے بعد جی ایس ٹی کو لے کر ایک ورکشاپ ہوئی ، جس میں ممبران اسمبلی کو مجوزہ جی ایس ٹی قانون کے بارے میں معلومات دی گئی۔اترپردیش کابینہ نے 2 ؍مئی کو جی ایس ٹی کو ریاست میں لاگو کرنے کو لے کر ایک بل کے مسودے کو منظوری دے دی تھی۔بل کی منظوری کے بعد اتر پردیش بہار، اتراکھنڈ، جھارکھنڈ، تلنگانہ اور راجستھان جیسی ریاستوں میں شامل ہو جائے گا، جہاں پہلے ہی اس طرح کے بل منظور ہو چکے ہیں۔ریاستی حکومت کو یقین ہے کہ جی ایس ٹی نافذ ہونے کے بعد ریاست کا ٹیکس ریونیو بڑھے گا۔ریاست کے وزیر سریش کمار کھنہ نے کہاکہ نیا ٹیکس نظام نافذ ہونے کے بعد ریاست کے ریونیو میں اضافہ ہونے کی امید ہے۔