بنگلورو، 14؍اکتوبر (ایس او نیوز) گوری لنکیش قتل کی تحقیقات میں مصروف اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے مشتبہ کلیدی ملزموں کی شناخت کرتے ہوئے ان کے اسکیچ (خاکے) جاری کیے ہیں۔
ایس آئی ٹی نے قتل سے پہلے آس پاس کی جانکاری حاصل(recce) کرنے والے ملزم کا خاکہ بھی جاری کیا اورکہا کہ اس ملزم نے کس طرح پیشگی تیاری کی تھی اس سلسلے میں ایک ویڈیو کلپ بھی جلدہی جاری کی جائے گی۔جہاں تک پولیس کی تفتیش کا سوال ہے وہ گوری کے گھر پر نصب سی سی کیمرے کے فوٹیج،عوام کی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات اور اس موٹر بائک کے حوالے سے ہے جسے قاتلوں نے جرم انجام دینے کے لئے استعمال کیا تھا۔اس کے علاوہ کچھ شاہدین نے قاتلوں کو دیکھنے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔انہی بنیادوں پر مشتبہ ملزمین کے خاکے جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ دائیں بازو کی ہندو فرقہ پرستی کے خلاف تنقید کرنے کے لئے معروف اور بے باک صحافی گوری لنکیش کو5ستمبر کی شام کو موٹر بائک سوار قاتلوں نے اس کے اپنے گھر کے دروازے پرگولی مارک کر ہلاک کردیا تھا۔ایس آئی ٹی کو اس بات کا پختہ یقین بھی ہوگیا ہے کہ گوری کے قاتل بھی اسی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے دھارواڑ میں مشہور مصنف اور مفکر ایم ایم کلبرگی کواگست 2015میں گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔کیونکہ 7.65ایم ایم بور کے جس کٹّھا(دیسی پستول) سے کلبرگی کو قتل کیا گیا تھا اسی قسم کا پستول گوری کے قتل میں بھی استعمال کیا گیا ہے۔