ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی حکومت عنقریب فروغ ہنر پالیسی وضع کرے گی: سدرامیا

ریاستی حکومت عنقریب فروغ ہنر پالیسی وضع کرے گی: سدرامیا

Tue, 16 May 2017 11:15:23    S.O. News Service

بنگلورو،15؍مئی(ایس او نیوز) ریاستی حکومت بے روزگار نوجوانوں میں فروغ ہنر کو بڑھاوا دینے کیلئے عنقریب فروغ ہنر پالیسی وضع کرے گی۔ یہ اعلان آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کیا۔ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں فروغ ہنر اندراجی مہم کا آغاز کرنے کے بعد مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ اس مہم کے تحت ریاستی حکومت نوجوانوں کو تین سے چھ ماہ کی مفت ہنر مندی کی تربیت سے آراستہ کرے گی ، تاکہ وہ شہری و دیہی طریقۂ ہنر سیکھ کر خود پیروں پر کھڑے ہوسکیں۔آج سے تمام اضلاع اور تعلقہ جات میں اس اندراجی مہم کاآغاز ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے فروغ ہنر کی جو پالیسی اپنائی جارہی ہے اس کے تحت 2030 تک ریاست بھر کے 70 فیصد نوجوانوں کو کم ازکم گریجویٹ تک تعلیم یافتہ بنانے کی جدوجہد کی جائے گی۔ ریاستی نالیج کمیشن کی سفارشات کے تحت 2030 تک 1.88 کروڑ نوجوانوں کو روزگار کی تربیت سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ اسی مقصد کے تحت رواں سال ہی سے نوجوانوں کو تربیت کا آغاز کیاجارہاہے۔ اس تربیت کے ذریعہ آنے والے چند ہی ماہ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے۔گزشتہ سال 1.6 لاکھ نوجوانوں کو فروغ ہنر کی تربیت سے آراستہ کرکے اس شعبے میں کرناٹک نے ملک بھر میں سر فہرست مقامات حاصل کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے شعبے میں کرناٹک آج بھی ملک میں سب سے آگے ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاری کے محاذ پر کرناٹک تیسرے مقام پر ہے۔ جبکہ ریاست میں شروع ہونے والی ہر نئی صنعت کیلئے حکومت کی طرف سے تمام ممکنہ مراعات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال ہی انہوں نے خصوصی طور پر محکمۂ فروغ ہنر کا قیام کیا، تمام محکموں کیلئے درکار ہنر مندوں کی نشاندہی اور ان کی تربیت کے مقصد سے اس محکمہ کو مرکزی حیثیت کا حامل بنایا گیا ہے۔ سرکاری محکموں کی ضرورتوں کے مطابق ہنر مندوں کو یہ محکمہ مہیا کرائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے محکمۂ فروغ ہنر کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ بھی متعارف کرایا۔ اسمبلی اسپیکر کے بی کولیواڈ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی حکومت نے فروغ ہنر کیلئے انقلابی پہل کی ہے۔اس پہل کو اور مستحکم کرنے کیلئے اسے قانونی شکل دی جانی چاہئے۔ ریاستی حکومت کی اس مہم کے برانڈ امباسیڈر کنڑا فلم اسٹار پنت راجکمار نے اس موقع پر نوجوانوں کو آواز دی کہ اپنی پسند کے مطابق روزگار کے شعبوں کو اپنائیں اور ریاستی حکومت کی طرف سے اس کیلئے مہیا کرائے جارہے مواقع سے استفادہ کریں۔اس موقع پر وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج ، کرناٹکا وکیشنل ٹریننگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیرمین مرلی دھر ہالپا ، رکن کونسل گووند راج اور دیگر موجود تھے۔


Share: