اڈپی 8؍مئی (ایس او نیوز)بارکور نیشنل کالج کے سامنے واقع ویسٹرن میٹا کیم نامی فیکٹری کے منیجر کی اس وقت موقع پر ہی موت ہوگئی جب فیکٹری کا وزنی گیٹ اچانک ٹوٹ کر اس کے سر پر گرگیا۔
موصولہ تفصیل کے مطابق اس حادثے میں ہلاک ہونے والے نوجوان کا نام ناگیش(۲۲سال) ہے ، جو ہاسن کا رہنے والا تھااور فی الوقت کوٹا میں مقیم تھا۔
امبل پاڈی کے سریش شیٹی کی اس فیکٹری میں جہاں ریت میں مکس کرنے والا ایک کیمیکل تیار کیاجاتا ہے، ناگیش منیجر کے طور پر ملازم تھا۔اس نے گیٹ کھولنے کی کوشش کی تو وہ دیوار سے الگ ہوکر ناگیش کے سر پر گرگیا اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس فیکٹری کا لوہے کا گیٹ اس قدر وزنی ہے کہ اسے اٹھانے کے لئے کم ازکم 8افراد درکار ہوتے ہیں۔ اتنے وزنی گیٹ کو بغیر ہُک کے دیوار کے ساتھ بے پروائی سے بٹھانے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ برہماور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔