ریاض، 13 نومبر (ایس او نیوز): سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بھٹکل نوائط کمیونٹی کا سالانہ اجتماع ’’ملن 2026‘‘ جمعرات 12 نومبر کی شب منعقد ہوا، جس میں کمیونٹی کے افراد اور مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں کمیونٹی کے اتحاد، نئی نسل کی تعلیمی و سماجی ترقی اور دینی و تہذیبی روایات کے تحفظ پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر نمایاں تعلیمی کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو ایوارڈز سے نوازنے کے ساتھ بچوں کے مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے۔
مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما علی گڑھ مسلم اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر اور سفارت خانہ ہند کی مجلس رہنمائی سے وابستہ سماجی کارکن ڈاکٹر انعام اللہ بیگ اعظمی اپنے خطاب میں بھٹکل کمیونٹی کے اتحاد اور باہمی روابط کو سراہتے ہوئے کمیونٹی کے بزرگوں جوکاکو شمس الدین، محی الدین منیری اور سید خلیل الرحمن کی خدمات کو یاد کیا۔
اعزازی مہمان انجینئر عبد النعیم، جو سعودی عرب کی معروف کمپنی مسح کے مالک ہیں، نے بھٹکل کے دینی ماحول کی تعریف کی، جبکہ ہدایہ فاؤنڈیشن کے بانی خاصم احمد نے کمیونٹی کے نوجوانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی اور پیشہ ورانہ میدانوں میں بھی آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ تقریب میں ڈاکٹر عبیداللہ جنید بھی اعزازی مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے۔

کمیونٹی کے صدر عبدالرقیب پلور نے صدارتی خطاب پیش کیا۔ اس موقع پر تمام مہمانوں کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مومنٹو پیش کیے گئے۔
تقریب کا آغاز جنرل سکریٹری ابوبکر صدیقی کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ انہوں نے مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے بھٹکل نوائط کمیونٹی ریاض کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ جماعت کی بنیاد 1988 میں رکھی گئی تھی۔ اس کے بعد بھٹکل کی تاریخ اور تہذیب پر مبنی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت ابرارالحق عارف اکرمی نے حاصل کی۔
تقریب کا ایک اہم حصہ تعلیمی ایوارڈز کی تقسیم تھا۔ طارم کوبٹے نے تعلیمی ایوارڈز پیش کیے، جس کے تحت نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مہمانوں کے ہاتھوں سرٹیفکیٹ اور مومنٹو دیے گئے۔
بچوں نے بھی مختلف پروگراموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اقدس ایس ایم نے بچوں کا فینسی ڈریس پروگرام پیش کیا، جبکہ زبان اور ربا کے موضوع پر دو ڈرامے پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے سراہا۔ بچوں نے ترانہ اور نوائطی نظم بھی خوبصورت آواز اور ترنم کے ساتھ پیش کی۔ اس کے علاوہ سید عقبی لنکا نے آن لائن کوئز پیش کیا، جبکہ عمران ایس ایم نے ریفل ڈرا کے ذریعے انعامات کی تقسیم کا دلچسپ سلسلہ پیش کیا۔
تقریب کے کنوینر ارشاد احمد نے پروگرام کی نظامت کے فرائض انجام دیے اور آخر میں تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اجتماع کے اختتام کا اعلان کیا۔